پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد پر سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ

ٹریننگ سینٹر کے گرد 20 انتہائی جدید کیمرے نصب کئے جائیں گے جبکہ واچ ٹاورز پر ماہر نشانہ باز تعینات کردیئے گئے


Raheel Salman May 12, 2014
ہفتے کی شب بھی سعید آباد ٹریننگ سینٹر کے سامنے سے 100 کلو وزنی بم برآمد ہوا تھا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد پر حملے کے خدشات بڑھ گئے ہیں جس کے بعد حفاظتی انتظامات بھی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں سینٹر کے گرد 20 انتہائی جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ واچ ٹاورز پر ماہر نشانہ باز (اسنائپر) تعینات کردیے گئے، کیمروں کے ذریعے سینٹر کے گرد ہر نقل و حرکت پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی مرکزی دروازے پر نفری میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

سعید آباد میں قائم پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ، ہفتے کی شب بھی سینٹر کے سامنے سے 100 کلو وزنی بم برآمد ہوا تھا جوکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 2 مرتبہ کوشش کے باوجود ناکارہ نہیں ہوسکا تھا، تیسری کوشش میں کامیابی حاصل ہوئی، اس سے قبل بھی پولیس ٹریننگ سینٹرز پر حملے کے حوالے سے حساس ادارے خبردار کرچکے ہیں، حساس اداروں نے سینٹر کے بیچوں بیچ بہنے والے نالے کو بھی سیکیورٹی رسک قرار دیا ہے۔

سینٹر کے اطراف سجن گوٹھ اور مواچھ گوٹھ سمیت دیگر آبادیوں میں سروے کی بھی سفارش کی گئی تھی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا تاہم حکام نے سینٹر کے حفاظتی انتظامات سخت کرنے کی غرض سے سینٹر کے گرد20 انتہائی جدید کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ دن کی روشنی اور رات کی تاریکی میں کام کرنے والے او ایس ڈی (OSD) اور ایچ ایس ڈی (HSD) کیمرے سینٹر کے مرکزی دروازے اور دیوار پر چاروں اطراف لگائے جائیں گے تاکہ سینٹر کے اطراف ہر قسم کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ کی جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹر کی چہار دیواری کے ساتھ قائم واچ ٹاورز پر 24 گھنٹے ماہر نشانے باز (اسنائپر) تعینات کردیے گئے ہیں ، مرکزی دروازے پر بھی پولیس کی نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں