کراچی ایئرپورٹ پر آسٹریلین پولیس کے فراہم کردہ جدید ٹیکنالوجی والے آلات نصب
جدید آلات کے ذریعے جعلی پاسپورٹ اور ویزے کے حامل مسافروں کی نشاندہی ممکن ہوسکے گی
آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے ایف آئی اے امیگریشن جناح ٹرمینل ائیرپورٹ کوجدید ٹیکنالوجی پر مبنی آلات فراہم کردیے گئے۔
ذرائع کے مطابق بارڈر سیکیورٹی کو محفوظ بنانے، جعلی ویزوں اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اہم اقدام کے تناظر میں آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے ایف آئی اے امیگریشن کراچی ائیرپورٹ کوجدید ٹیکنالوجی پر مبنی آلات کی فراہمی کردیے گئے۔
فراہم کردہ کٹس میں میگنی فائنگ گلاسز، الٹرا وائلٹ ریڈی ایشن لائٹس، سیکیورٹی لیمینٹ ویری فائر بھی شامل ہیں۔ فراہم کردہ 17 آلات کے ذریعے امیگریشن کاونٹرز پر پاسپورٹ اور ویزے کی جانچ پڑتال کا آغاز کردیا گیا۔
جدید آلات کے ذریعے جعلی پاسپورٹ اور ویزے کے حامل مسافروں کی نشاندہی ممکن ہوسکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی آمد اور روانگی پر عملے کی جانب سے ان آلات کا متواتر استعمال کیا جائے گا،جدید آلات پر مبنی کٹس آسٹریلین فیڈرل پولیس نے ایف آئی اے کی استعداد کار میں بہتری کے لئے فراہم کیے ہیں۔