ارشد شریف قتل کیس میں مقتول صحافی اہلیہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری
جوڈیشل مجسٹریٹ نے پروڈیوسر علی عثمان کے بھی ناقابل ضمانت ورانٹ جاری کیے اور دونوں کو پیش کرنے کا حکم دیا
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس میں مقتول صحافی کی اہلیہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ارشد شریف قتل کیس کی سماعت ہوئی اور جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل عدم حاضری پر شہید صحافی کی اہلیہ سومیا ارشد کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کے مطابق کہ مسلسل طلبی کے باوجود پیش نا ہونے پر ارشد شریف کی اہلیہ کے وارنٹ جاری ہوئے۔ علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پروڈیوسر علی عثمان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
مزید پڑھیں: ارشد شریف کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں تحریری جواب جمع کرادیا
واضح رہے کہ ارشد شریف کا شمار پاکستان کے نامور صحافیوں میں ہوتا تھا، جنہوں نے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کی اور پھر دبئی سے کینیا گئے جہاں انہیں 23 اکتوبر کو فائرنگ کر کے شہید کردیا گیا تھا۔
ارشد شریف قتل کیس پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے سوموٹو نوٹس لیا اور یہ کیس عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہے۔