ارادہ ایک مقدمے کا

مقدمہ دائر کرنے کی ایک وجہ اوربھی ہے کہ ان دنوں ہرطرف مقدموں کا دورچل رہاہے


Saad Ulllah Jaan Baraq September 13, 2023
[email protected]

ہم سوچ رہے ہیں کہ ان دنوں ہمیں ''بیانات'' پڑھنے اوران بیانات پر دانا دانشوروں کے کالم سونگھنے کے سوا اورکوئی کام تو ہے نہیں اوراس کام میں بھی ہمارا تجربہ اتنا زیادہ ہوگیا ہے کہ پڑھنے یا سونگھنے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی، بغیر پڑھے ہمیں اندازہ ہوجاتا ہے کہ آج اخبار میں کس کسکا بیان چھپا ہوگا۔

کس کس نے کیاکیا فرمایا ہوگا اوران پر کن کن دانشوروں نے کیا کیا دانش کے موتی بکھیرے اور بیگن بھگارے ہوں گے بلکہ آنے والے دنوں کا بھی ہمیں پہلے سے پتہ ہوتاہے کہ صدرعلوی کیا کیا گل کھلائیں گے، چیف جسٹس نے کیاکیا فرمودات ارشاد کریں گے، شیخ رشید نے کیا کیا پھلجڑیاں چھوڑی ہوں گی، دونوں مریم بیبیوں نے کیا کیا ارشاد کیا ہوگا۔

بلاول کیا بولا ہوگا، مولانا فضل الرحمان نے کونسے ''تحفظات'' پیش کیے ہوں گے اورسراج الحق نے کیاکیا نشانے لگائے ہوں گے اورہمارے کالم نگارسقراطوں بقراطوں نے کیافلسفے صورت حال میں ڈالے اورنکالے ہوں گے ۔مطلب یہ کہ ان دنوں ہم بالکل ہی بیکار، بیروزگار بیٹھے اپنا ہی پجامہ ''سی اور ادھیڑ'' رہے ہیں۔

بلکہ اس سے بھی جی بھرگیاہے ،کوئی ایک ہی کام کہاں تک کرے، اس لیے سوچا کوئی نئی مصروفیت ڈھونڈی جائے اورخوش قسمتی سے وہ مصروفیت ہمیں مل گئی ہے۔ کسی جگہ پڑھا ہے کہ لندن کے کسی تھیٹر ہال میں ایک ڈرامہ آٹھ سال تک اسٹیج ہوتا اورچلتا رہا جس کاذکر گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی آیا ہے اور یہاں سے ہمیں یہ آئیڈیا کہ کیوں نہ اس گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ پر مقدمہ ٹھوک دیا جائے ۔

ہم یہ مقدمہ کس عدالت میں دائر کریں گے ؟ وکیل کون کون سے پکڑیں گے؟ اورمقدمے کے اخراجات کے لیے چندے کادھندہ کیسے اسٹارٹ کریں گے؟ یہ سب بعد میں دیکھیں گے، پہلے آپ کو یہ بتادیں کہ اس مقدمے کی نوعیت کیا ہوگی یعنی کس بنیاد پرمقدمہ دائرکیاجائے گا۔

کچھ کچھ اندازہ تو آپ لگا چکے ہوں گے کہ لندن میں صرف آٹھ سال تک مسلسل چلنے والے ڈرامے کاذکر ہوا ہے تو پاکستان میں چھہترسال سے مسلسل اسٹیج ہونے والے ڈرامے کاذکر کیوں نہیں، یہ تو کھلی مشرق دشمنی اورپاکستان کے ساتھ ''تعصب'' ہے ۔ آخر کیوں نہیں اورآخر یہ کیوں ۔کیوں؟

انصاف اورغیرجانبداری سے کام لیا جائے توآخر وہ کونسی بات ہے جو اس آٹھ سالہ ڈرامے میں تھی اورہمارے اس چھہترسالہ ڈرامے میں نہیں ہے بلکہ ایسا بہت کچھ ہے جو اس ڈرامے میں نہیں تھا اور ہمارے ڈرامے میں ہے۔ہیرو، ہیروئن ،ولن، کامیڈین، ڈائیلاگ ایکشن ، سسپنس سب کچھ ہے۔

البتہ ہم یہ ثابت کرسکتے ہیں کہ ایسا بہت کچھ ہے جواس آٹھ سالہ ڈرامے میں نہیں تھا اورہمارے اس چھہتر سالہ ڈرامے میں ہے اوربہت ہے مثلاً اس ڈرامے میں ہیرواور ہیروئن، صرف ہیرو اورہیروئن تھے جو آخر تک ہیرو ہیروئن ہی رہے جب کہ ولن بھی ولن ہی رہا۔ لیکن ہمارے ڈرامے میں یہ خصوصیت ہے کہ ہیرو ہی ولن بھی بن جاتاہے ،ہیروئن ویمپ بن جاتی ہے اورولن اچانک ہیروبن جاتاہے ۔

کسی معلوماتی پروگرام میں سناہے کہ سمندر میں ایک مچھلی ایسی بھی ہے جو ایک سال ''نر'' رہتی ہے اور پھر ایک سال کے لیے ''مادہ'' بن جاتی ہے اوریہی خوبی ہمارے ڈرامے کو ممتاز بناتی ہے۔

ہیرو اول تک کچھ عرصے کے لیے ولن اورولن ہیرو بن جاتاہے اوریہ ادلابدلی ان میں ہمیشہ چلتی رہتی ہے ، بڑے بڑے ہیروبن جاتے ہیں، وہ تخت سے تختہ اورتختے سے تخت کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہتاہے جس سر پر آج تاج سجایا جارہا ہوتا ہے کل وہ تاج ہی کیاسر بھی نہیں رہتا۔

مطلب یہ کہ جس اینگل سے بھی دیکھیے ہمارا چھہتر سالہ ڈرامہ اس آٹھ سالہ ڈرامے سے بڑھ کر ہے لیکن تعصب تو تعصب ہوتاہے ۔

مقدمہ دائر کرنے کی ایک وجہ اوربھی ہے کہ ان دنوں ہرطرف مقدموں کا دورچل رہاہے جسے دیکھو کسی نہ کسی کے خلاف مقدمہ چلارہاہے یااس کے خلاف کوئی دوسرا مقدمہ دائر کررہاہے، ایسالگتاہے جیسے ساری سیاست مقدمات میں سمٹ کر آگئی ہو۔اتنے عرصے میں سوچتے سوچتے جب ہم نے اس مقدمے پر اورسوچا تو فنڈنگ کا ذریعہ بھی ہاتھ آگیا ، ہم کسی نہ کسی طرح اس مقدمے کو کار ثواب ثابت کرکے چندے کادھندہ چلائیں گے تو وارے نیارے ہوجائیں گے، نہ صرف مقدمے کاخرچہ نکل آئے گا بلکہ اپنی بھی دال روٹی ہوجائے گی۔

ترجمان کے لیے تو جناب شیخ رشید کا نام پہلے سے طے ہوچکاہے اورمعاون خصوصی برائے اطلاعات کے لیے محترمہ فردوس عاشق اعوان سے بہتر تو کوئی اور ہوہی نہیں سکتا ،لیکن اگر وہ دستیاب نہیں ہوئیں کیوں کہ آج کل وہ استحکام پاکستان میں بہت زیادہ مصروف ہے تو پھر اپنے صوبے میں وہ گوہر قابل تو موجود ہے جس نے محمود خان کی حکومت کے دوران اتنی زیادہ اطلاعات دی تھیں کہ پورا صوبہ ان سے بھر گیا تھا، وکلاء کاتو کوئی مسلہ نہیں ہے، جتنے بھی ججز ریٹائرڈ ہوجائیں۔

ان سب کو ہائر کیاجاسکتاہے جو ہمیں یقین ہے کہ گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ والوں کا ویسا ہی حشر نشرکردیں گے جیسا کہ انھوں نے پاکستان کاکیاہواہے، وہ چوں کہ خود بھی اس ڈرامے کے اہم ترین کردار رہے ہیں، اس لیے وہ دلائل دیں گے کہ وہ دلائل خود بھی حیران ہوکر کبھی خود اورکبھی ان کو دیکھیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں