اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کیلیے فنڈز کی منظوری دے دی
ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی ماہانہ بنیاد پر کی جائے گی
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو تنخواہوں کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ہونیوالے آی سی سی کےاجلاس میں وزیر منصوبہ بندی کی جانب سے معاشی اعشاریوں اور مہنگائی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو بجٹ میں سے ابتدائی چھ ماہ کی تنخواہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ وزارت خزانہ حکام نے شرکا کو بتایا کہ موجودہ مالی سال اسٹیل ملز کیلئے10 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے، ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی ماہانہ بنیاد پر کی جائے گی۔
وزارت توانائی کی فنانسنگ ریٹس سے متعلق سمری آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی گئی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ناجائز منافع خوری پر قابو پانے کی ہدایت کرتے ہوئے گندم اور چینی سمیت غذائی اشیا کے ذخائر اور کھپت کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
اجلاس کے دوران وزارت غذائی تحفظ کو اہم اشیا کی قیمتوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت اور غذائی اجناس کی ہول سیل و ریٹیل قیمتوں کو چیف سیکرٹریز کے ذریعے مانیٹر کرنے پر زور دیا گیا ہے۔