کراچی جیولر کے کارخانے پر 45 لاکھ روپے کی ڈکیتی
پولیس نے ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی
صدر عبداللہ ہارون روڈ پر پانچ مسلح ملزمان نے صراف کے کارخانے کا صفایا کردیا۔
مسلح ملزمان 45 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں پانچ ملزمان صراف کے کارخانے میں لوٹ مار اور فرار ہوتے دیکھے گئے ہیں۔
ایک ملزم موٹر سائیکل پر اور اس کے باقی ساتھی پیدل فرار ہوئے۔ پولیس کے مطابق عبداللہ ہارون روڈ پر چائنہ شاپنگ سینٹر کی پہلی منزل پر ملزمان نے واردات کی۔
پانچ ملزمان نے پہلے شاپنگ سینٹر کی ریکی کی اور پھر اسلحہ لے کر پہلی منزل پر پہنچ گئے۔ شلوار قمیض میں ملبوس ملزمان نے صراف کے کارخانے میں دھاوا بولا اور کارخانے کے ملازمین کو یرغمال بنا کر 45 لاکھ روپے لیکر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صراف کے کارخانے کے مالک نے رابطہ کیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی ہے اب تک ملزمان کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔