بُک شیلف

نوجوان نسل کے لیے پیارے رسولﷺ کی سنہری سیرت


Basheer Wasiq September 24, 2023
—فائل فوٹو

نوجوان نسل کے لیے پیارے رسولﷺ کی سنہری سیرت

مولف: عبدالمالک مجاہد ، صفحات : 416، قیمت : 990روپے

ناشر : دارالسلام انٹر نیشنل، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، نزد لوئر مال،لاہور،

رابطہ نمبر : 042-37324034



پیش نظر کتاب '' نوجوان نسل کیلئے پیارے رسولﷺ کی سنہری سیرت'' عبدالمالک مجاہد کی نئی تالیف ہے۔ یہ کتاب کتب ِ سیرت میں ایک خوبصورت موتی کی طرح گرانقدر اضافہ ہے۔ موضوع جس قدر عظیم ہے عبدالمالک مجاہد نے اسی قدر بہتر طریقے سے اسے لکھنے کاحق ادا کیا ہے۔

کتاب میں کوئی ایسا واقعہ نہیں جو بغیر سند کے مذکور ہو یاجس کی صحت مشکوک ہو۔ یہ کتاب آپﷺ کی حیات مبارک کو مختصر طور پر پڑھنے کی خواہشمند نوجوان نسل کے لئے لاجواب اور بیمثال تحفہ ہے۔کتاب مختصر ہونے کے باوجود سیرت النبی کے تمام پہلوؤں کا مکمل احاطہ کرتی ہے اس میں نبیﷺ کی مبارک زندگی کے تمام گوشے خوبصورت طریقے سے بیان کئے گئے ہیں۔

کتاب کا اسلوب نہایت دلچسپ اور عام فہم ہے جو کہ بطور خاص نوجوان نسل کالجوں، یونیورسٹیز اور دینی اداروں کے طلبہ وطالبات کے لئے نہایت مفید ہے۔ انداز بیاں میں سادگی اور روانی ہے تاکہ نوجوان نسل اسے دلچسپی سے پڑھے۔ اس لئے کہ یہ محبوب الہیٰ کا تذکرہ ہے، جن کی تعریف وتوصیف خود آسمان والے نے اپنی کتاب مقدس میں فرمائی ہے۔

جب سے انسان نے لکھنا شروع کیا ہے تب سے اب تک اس دنیا میں جتنے ادوار بھی گزرے، ان میں سے رسولﷺ واحد ہستی ہیں کہ جن کی مبار ک زندگی پر سب سے زیادہ لکھا گیا ہے۔ ادوار گزرے چلے جائیں گے، لکھنے والے لکھتے رہیں گے، ان کے قلم ٹوٹ جائیں گے، سیاہیاں خشک ہو جائیں گی لیکن رسالت مآٰبﷺ کی سیرت طیبہ کو لکھنے کا حق ادا نہیں کیا جا سکے گا۔

سیرت طیبہ کے ہدٰی خوانوں میں عبدالمالک مجاہد بھی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ''پیارے رسولﷺ کی سنہری سیرت '' میں تمام واقعات مستند اور صحیح ہیں۔

یہ واقعات سیرت کی قابل اعتماد کتب سے نقل کئے گئے ہیں۔ قرآنی آیات، احادیث اور دیگر عربی عبارات کے ترجمے کو لفظی ترجمے کی بجائے آسان ترین اور بامحاورہ ترجمے کی صورت میں لکھا گیا ہے۔کتاب اللہ کے نبیﷺ کی روشن زندگی کے روشن اور سبق آموز واقعات پر مشتمل ہے جس کے مطالعہ سے ہم دین ودنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکتے اوردنیا کو بھی انسانیت، امن ، سلامتی کاایک امیدافزا پیغام دے سکتے ہیں۔

آفتاب نبوت کی سنہری شعاعیں

مولف : عبدالمالک مجاہد ، صفحات : 399 ، قیمت : 1650

ناشر : دارالسلام انٹر نیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لاہور ،

رابطہ نمبر : 042-37324034



سیرت النبیﷺ ایک ایسا دلنشین اور ایمان افروز موضوع ہے کہ جس پر دنیا میں سب سے زیادہ لکھا گیا اور لکھا جاتا رہے گا۔ سیرت النبی ﷺ پر لکھی گئی ہر کتاب کی اپنی انفرادیت اور خصوصیت ہوتی ہے لیکن دارالسلام کی شائع کردہ پیش نظر کتاب '' آفتاب نبوت کی سنہری شعاعیں '' کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ کتاب اس وقت لکھی گئی جب سال 2006ء میں ڈنمارک کے ایک چھوٹے سے اخبار نے نبی مکرم، رسول معظم،رحمت عالمﷺ کی شان میں گستاخی کی اور ناپاک خاکے شائع کیے۔ اخبار کی اس حرکت کے خلاف دنیا بھر کے مسلمانوں کا برانگیختہ اور مشتعل ہونا فطری بات تھی۔

ان خاکوں کے خلاف دنیا بھر کے مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا۔ مگر بدقسمتی سے اس احتجاج کو سنجیدگی سے لینے کی بجائے یورپ کے بعض دیگر ممالک نے بھی ان خاکوں کی اشاعت کی مذموم حرکت کر ڈالی۔ ناپاک اور گستاخانہ خاکوں کے نتیجہ میں جہاں ڈنمارک کی مصنوعات کا بائیکاٹ ہوا وہیں اہل علم نے سوچنا شروع کیا کہ ایسا کیوں ہوا ہے۔۔۔۔ ؟؟اس سوال پر دنیا بھر میں کتنے ہی سیمینارزمکالمات اور مذاکرات ہوئے۔

رسولﷺ کی سیرت اوران کے حقوق کے حوالے سے مضامین اخبارات میں شائع ہوئے جن کا خلاصہ یہ تھا کہ بلا شبہ مسلمانوں نے اللہ کے رسولﷺ کی سیرت کو لوگوں تک ان کی زبان میں نہیں پہنچایا۔ یہی وہ موقع تھا جب دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ '' دارالسلام '' کے بانی عبدالمالک مجاہد نے سعودی عرب سے شائع ہونے والے اردو اخبار '' جدہ نیوز'' کے ایڈیٹر کو خط لکھا جس میں ان کو تجویز دی گئی کہ '' جدہ نیوز '' میں سیرت النبی ﷺ پر کالموں کی اشاعت شروع کی جائے تاکہ قارئین کو رسول اللہﷺ کے شب وروز کے معمولات، معاملات اور حالات جاننے کا موقع مل سکے۔

تجویز اچھی تھی اس لئے اخبار کی انتظامیہ نے اسے پذیرائی بخشی اور کالم لکھنے کا قرعہ فال عبدالمالک مجاہد کے نام نکلا۔ پیش نظر کتاب'' آفتاب نبوت کی سنہری شعاعیں '' انہی کالموں کا خوبصورت اختصار ہے۔کالم لکھتے وقت اس بات کا بطور خاص التزام کیا گیا کہ کوئی واقعہ موضوع یا غیر مستند نہ ہو۔

اخلاق نبوی کے سنہرے واقعات

مولف : عبدالمالک مجاہد ، صفحات : 304، قیمت : 1500روپے

ناشر: دارالسلام انٹرنیشنل ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال ، لاہور

رابطہ نمبر : 042-37324034



پیش نظر کتاب '' اخلاق نبویﷺ کے سنہرے واقعات اپنے موضوع پر شاندار، لاجواب اور خوبصورت کتاب ہے جس میں اخلاق نبوی کے چیدہ چیدہ 100 واقعات جمع کر دیے گئے ہیں۔ نبیﷺ کے اخلاق وکردار کو عام کرنے، پڑھنے اور سمجھنے کا شوق رکھنے والوں کے لیے یہ بیمثال ہدیہ ہے۔ سیرت النبی ﷺ کا پیغام دوسروں تک پہنچانے کی ہر دور میں ضرورت رہی ہے۔

فی زمانہ اس کی ضرورت اس اعتبار سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے کہ معاشرے میں رواداری، تحمل اور برداشت کا فقدان ہے۔ بدتہذیبی اور بداخلاقی حد سے بڑھتی جا رہی ہے اس کاحل صرف ایک ہی ہے کہ نبیﷺ کے اخلاق وکردار کو عام کیا جائے۔ پ

یش نظر کتاب اس موضوع پر رہنما کتاب کی حیثیت رکھتی ہے۔ دنیا کے انسانوں میں پائی جانے والی تمام اعلیٰ و ارفع صفات کو جمع کیا جائے اور پھر ان کا اللہ کے رسولﷺ کی مبارک زندگی کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو ہمیں معلوم ہو گا کہ یہ تمام خوبیاں اللہ کے رسولﷺ کی ذات بابرکات میں بدرجہ اتم پائی جاتی ہیں کیونکہ آپ کی تربیت خود اللہ تعالیٰ نے فرمائی تھی۔

سیرت کے حوالے سے قرآن و حدیث اور کتب سیرت و تاریخ میں بے شمار معلومات اور واقعات ملتے ہیں۔ ان واقعات میں اللہ کے رسولﷺ کے اخلاق کی جھلکیاں نظر آتی ہیں جن سے ہمیں آپﷺ کے اعلیٰ اخلاق کے بارے میں راہنمائی ملتی ہے۔

اپنے اخلاق وکردار کو سنوارنے کے لیے زیر تبصرہ کتاب '' اخلاق نبوی کے سنہرے واقعات '' ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔کتاب کے مولف عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں میں نے پوری کوشش کی ہے کہ اس کتاب میں کوئی من گھڑت ، ضعیف یا خود ساختہ واقعہ درج نہ ہونے پائے۔

دارالسلام کی اعلیٰ روایات کے مطابق یہ کتاب دیدہ زیب سرورق اور عمدہ جلد بندی کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔ موضوع اور واقعاتی اعتبار سے اس کتاب کا ہر گھر میں ہونا اور ہرفرد کے لیے اس کا مطالعہ بے حد ضروری ہے۔

بچوں کیلئے سنہری سیرت سے منتخب واقعات

مصنف: عبدالمالک مجاہد ، صفحات : 255۔4کلر آرٹ پیپر ، قیمت : 3250روپے

ناشر: دارالسلام انٹرنیشل، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لوئر مال، لاہور

رابطہ نمبر : 042-37324034



رسالت مآٰبﷺ بچوں کے بھی رسول ہیں۔ آپﷺ بچوں کے ساتھ بے انتہا محبت فرمایا کرتے تھے۔ جبکہ بچے بھی نبی رحمتﷺ سے محبت کرتے اور آپﷺ پر جان قربان کرنے کیلئے تیار رہتے تھے۔ معوذ ومعاذ دو ننھے منے بچوں کی رسالت ماٰب کے ساتھ محبت اور جانثاری تاریخ اسلام کاایک روشن باب اور ہمارے بچوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

آج ہم پر بھی بطور والدین فرض ہے کہ اپنے بچوں کے دل ودماغ میں نبی رحمت ،رسول معظمﷺ کی اس طرح کی محبت وعقیدت راسخ کریں جو محبت معوذ ومعاذ رضی اللہ عنھما کے والدین نے اپنے بچوں کے دلوں میں پیدا کی تھی۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ بچوں کو رسول پاکﷺ کے واقعات سنائے جائیں اور ایسی کتابیں پڑھنے کیلئے دی جائیں جن میں نبی مکرم رسول رحمتﷺ کی سیرت بیان کی گئی ہو۔

زیر نظر کتاب '' بچوں کیلئے سنہری سیرت سے منتخب واقعات '' اسی پس منظر میں لکھی گئی ہے۔کتاب میں دلچسپ اور دیدہ زیب پیرائے میں سیرت النبیﷺ بیان کی گئی ہے تاکہ بچے بچیاں نبیﷺ کی پاکیزہ سیرت سے آگاہ ہوکر اسلامی اخلاق و کردار اپنا سکیں اور مروجہ لٹریچر کی آلودگی اور قباحتوں سے بچے رہیں جو انھیں افسانوی اور دیومالائی کہانیوں کی لت میں مبتلا کر کے اسلامی اخلاق سے آراستہ نہیں ہونے دیتا۔ اسی ضرورت کے پیش نظر یہ کتاب شائع کی گئی ہے۔

اس پاکیزہ مجموعے کو شرعی حدود کا خیال رکھتے ہوئے چہار رنگ تصویروں اور خاکوں سے مزین کیا گیا ہے تاکہ بچے تصاویر کے ذریعے سے واقعات کو سمجھیں اور اللہ کے رسولﷺ کی سیرت سے واقف ہو سکیں۔ یہ کتاب 81عنوانات پر مشتمل ہے اس کی ایک اہم خوبی یہ ہے کہ آسان فہم کیلئے ہر عنوان کے آخر میں سوال و جواب بھی دیے گیے ہیں تاکہ بچے غور سے پڑھیں اور سوالات کے ذریعے ان واقعات کو یاد رکھ سکیں۔

آرٹ پیپر پر شائع کردہ یہ کتاب مضمون کے اعتبار سے جتنی خوبصورت ہے طباعت کے اعتبار سے بھی اتنی دلکش اور دیدہ زیب ہے۔

اللہ کے آخری نبی محمدﷺ

مولف : عبدالمالک مجاہد ، صفحات : 128۔4کلرآرٹ پیپر ، قیمت : 815 روپے

ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لوئر مال ،لاہور

رابطہ نمبر : 042-37324034



محبوب مصطفی ﷺ کی محبت مسلمان کے لئے دنیا کی قیمتی ترین متاع ہے۔ آپﷺ کی اتباع میں ہی دین ودنیا کی کامیابی ہے۔ یہ محبت اس وقت مزید پختہ ہو جاتی ہے جب ہم اپنے بچوں بچیوں کو زندگی کی ابتدا میں ہی سیرت رسول ﷺ پڑھائیں اور سمجھائیں۔

پیش نظر کتاب '' اللہ کے آخری نبی محمدﷺ '' اسی نقطہ نظر سے لکھی گئی ہے۔ یہ سیرت رسولﷺ پر مختصر مگر جامع کتاب ہے جس کے مولف عبدالمالک مجاہد ہیں۔ انھوں نے یہ کتاب نہایت ہی آسان ،سادہ زبان اور کہانی کے انداز میں لکھی ہے۔ یہ کتاب درج ذیل موضوعات پر مشتمل ہے :

نبیﷺ کے جدا مجد سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی خوبصورت انداز میں قوم کو دعوت ِ توحید، سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی فلسطین کی طرف ہجرت، سیدنا اسماعیل اور سیدنا ہاجرہ کی وادی غیر ذی زرع مکہ مکرمہ میں آباد کاری، سیدنا ابراہیم علیہ السلام کا خواب اور بیٹے کی فرماں برداری، بیت اللہ کی تعمیر، نبی ﷺکی ولادت باسعادت، ہمارے نبیﷺ حلیمہ سعدیہ کے دیس میں، حلیمہ سعدیہ کے گھر میں برکتوں کا نزول، نبی ﷺ کی والدہ کا انتقال، سردار عبدالمطلب کی آپ ﷺ سے محبت، نبیﷺ کا پاکیزہ بچپن، شام کی طرف سفر تجارت، سیدہ خدیجہ سے شادی، آ پﷺ کی اولاد، غار حرا میں تنہائی، پہلی وحی کا نزول، ورقہ بن نوفل نبوت کی تصدیق کرتے ہیں۔

گستاخ ابو لہب اور اس کی بیوی کا انجام ، دعوت اسلام پھیلنے لگتی ہے، نبیﷺ کی ہجرت، غار ثور میں قیام ، سیدہ اسماء بنت ابوبکررضی اللہ عنہا کا مجاہدانہ کردار، بنو مدلج کا سردار سراقہ بن مالک ، ام معبد کے خیمے میں ، قباء کی بستی میں قیام، مدینہ شریف میں تشریف آوری، مسجد نبوی کی تعمیر، مواخات ِ مدینہ، غزوئہ بدر ، غزوئہ احد بادشاہوں کو خطوط، خیبر کی فتح، فتح مکہ، دشمنان جان وایمان کے لئے معافی، غزوہ حنین، غزوئہ تبوک، حجتہ الوداع، نبیﷺ کی زندگی کے آخری ایام اور دیگر اہم موضوعات سے اندازہ کیاجا سکتا ہے کہ یہ کتاب ایک سمندر ہے جسے نہایت دلنشین اور خوبصورت انداز میں۔۔۔۔ کوزے میں سمو دیا گیا ہے۔

میرے پیارے رسول محمد ﷺ

مصنف: عبدالمالک مجاہد ، صفحات: 96 ۔4کلر آرٹ پیپر ، قیمت: 1900روپے

ناشر: دارالسلام انٹر نیشنل، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لاہور

رابطہ نمبر : 042-37324034



'' میرے پیارے رسول محمدﷺ'' یہ کتاب بنیادی طور بچوں بچیوں کے لیے لکھی گئی ہے۔ یہ بات مشاہدے اور تجربے میں ہے کہ بچے سیکھنے کے معاملے بہت حساس اور تیز واقع ہوئے ہیں۔ جو باتیں بچپن میں سیکھی جائیں ان کا اثر زندگی کی آخری سانس تک رہتا ہے۔ ہم مسلمان ہیں ہمارا فرض ہے کہ ہم بچپن ہی سے اپنے بچوں کو دین سے روشاس کریں اور ان میں نبی علیہ السلام کی محبت پیدا کرنے کے لیے سیرت کی کتابیں انہیں پڑھنے کے لیے دیں۔ سیرت النبی ﷺکے بارے میں کتب بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

اس کتاب کی وجہ تصنیف کے بارے میں عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں: کچھ عرصہ قبل مصرجانے کا اتفاق ہوا۔ وہاں بچوں کے لیے سیرت نبیﷺ پر لکھی جانے والی کتب نے بہت متاثر کیا۔ خوبصورت کتابت کی حامل ان کتب میں بچوں کو تمثیلی خاکوں اور تصاویر کے ذریعے اللہ کے نبیﷺ کی زندگی کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ انسانی فطرت ہے کہ وہ تمثیلی خاکوں اور تصاویر سے جلدی چیزوں کو سمجھ لیتا ہے اس لیے بڑی ہمت کر کے ہم نے بچوں کے لیے سیرت کی کتاب میرے پیار ے رسول محمد ﷺ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ان خاکوں کی تیاری میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ کہیں بھی کسی صحابی یا اللہ کے نبیﷺ کا خاکہ نہ بنایا جائے۔ اس کتاب میں جو خاکے بنائے گئے ہیں وہ کفار کے ہیں تاکہ ہمارے بچے واقعات کو ان کے ذریعے سمجھیں اور اللہ کے رسولﷺ کی سیرت سے واقف ہو سکیں۔

رسولﷺ کے 200سنہرے ارشادات

مولف : عبدالمالک مجاہد ، صفحات : 112۔4کلر آرٹ پیپر ، قیمت : 800 روپے

ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال لاہور



پیش نظر کتاب '' رسولﷺ کے 200 سنہرے ارشادات '' میں رسولﷺ کے ایسے فرامین جمع کئے گئے ہیں جن کا تعلق روز مرہ زندگی سے ہے۔ ہر مسلمان اللہ کے رسول ﷺ کی احادیث یعنی آپ کے سنہرے ارشادات کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔

دین اسلام کی بنیاد دو چیزوں پر ہے : ایک قرآن کریم اور اور دوسری حدیث رسو ل ﷺ۔ دین سے آگاہی کے لئے جہاں قرآن مجید کو پڑھنا سمجھنا ضروری ہے وہاں حدیث کو بھی سمجھنا اور پڑھنا چاہئے۔ حدیث سے آگاہی کے بغیر مسلمان کے لئے دین اسلام کو کما حقہ سمجھنا ممکن نہیں۔ اللہ کے نبی ﷺ فرماتے ہیں : میری ایک بات بھی کسی کو معلوم ہو تو وہ آگے پہنچا دے۔آج ہمیں اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے ، ہم سے بہت کم ایسے ہیں جو یہ فرض ادا کر رہے ہیں۔

صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین ، تابعین ، تبع تابعین اور ائمہ کرام احادیث رسولﷺ کوسننے اوریاد کرنے میں بہت زیادہ مشتاق رہتے تھے۔ صحابہ کرام کے بعد ائمہ کرام اور محدثین عظام نے ایک ایک حدیث کی خاطر ہزارہا میل کے سفر کئے۔ اس وقت بہت سی کتب حدیث موجود ہیں ان میں بعض کتب ضخیم ہیں اوربہت سی کتب مختصر بھی ہیں۔

مختصر کتب ِ حدیث میں نیا اضافہ '' رسول اللہﷺ کے 200 سنہرے ارشادات '' ہے۔ نہایت مختصر انداز میں ان احادیث کی اشاعت کا مقصد یہ ہے کہ عامتہ الناس خصوصاََ نوجوان نسل رسول کریمﷺ کے ارشادات سے آگاہ ہو جائے۔ یہ احادیث صرف اس لیے جمع کی گئی ہیں کہ دوران گفتگو ہماری زبانوں پر آپﷺ کی احادیث رواں دواں ہوں۔

اس کتاب کو دارالسلام نے نہایت ہی خوبصورت گٹ اپ ، دیدہ زیب سرورق اور آرٹ پیپر پر چہار کلر میں دلکش پرٹننگ اور ڈئزائینگ کے ساتھ شائع کیا ہے۔ یہ اتنی دیدیدہ زیب اور دلکش کتاب ہے کہ خوشی کے مواقع پر اپنے بچوں بچیوں اور دوست احباب کو تحفے میں دی جاسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں