ڈاکٹر کی غیر موجودگی میں مکینک نے گردوں کی پیوندکاری کی تفتیش میں انکشاف

گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث 8 رکنی گینگ نے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں


نعمان شیخ October 02, 2023
(فوٹو : فائل)

پنجاب میں گردہ پیوندکاری اسکینڈل کی تفیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق ڈاکٹر کی غیر موجودگی میں مکینک نے متعدد افراد کی سرجری کی۔

تفصیلات کے مطابق گردہ اسکینڈل کے حوالے سے گرفتار ہونے والے 8 رکنی گینگ میں شامل ملزمان نے تفتیشی ٹیم کے سامنے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔

پولیس کے مطابق دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ ڈاکٹر فواد گینگ میں سرغنے کی حیثیت رکھتا ہے، جس کی غیر موجودگی میں مکینک نوید نے مریضوں کی سرجری کی، نوید نے گردوں کی پیوندکاری کی تربیت ڈاکٹر فواد سے حاصل کی۔

تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈاکٹر فواد کے فرنٹ مین شوکت نے 65 ممالک کے لوگوں کے گردوں کی سرجریز کروائیں۔ آٹھ رکنی گینگ میں سونیا نامی ہیلتھ ورکر اور اُس کا شوہر وحید ظفر بھی شامل ہے جو جائیداد کی خرید و فروخت اور گردے فروخت کرنے والوں کا انتظام کرتا ہے۔

تفیش میں یہ بات سامنے آئی کہ فاروق اور لیاقت نامی ملزمان نے اپنا گردہ فروخت کر کے گینگ میں رکنیت حاصل کی جبکہ لیاقت نے مزید پندرہ افراد کے گردے خریدے۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر فواد سمیت دیگر گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ پولیس نے غیرقانونی گردوں کی پیدوندکاری میں ملوث گروہ کا نہ صرف سراغ لگایا بلکہ 8 ارکان کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں