پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان آئی ٹی میں سرمایہ کاری کیلیے معاہدہ

دونوں ممالک ای گورننس، اسمارٹ انفرا اسٹرکچر، ای ہیلتھ ،ای ایجوکیشن اور دیگر شعبوں میں تعاون کریں گے


Khususi Reporter October 02, 2023
فوٹو: فائل

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے، جس سے کروڑوں کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نگران وزیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے وفد کے ہمراہ سعودی عرب میں سعودی حکام اور کمپنیوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران نگران وزیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر عمرسیف اور سعودی وزیرآئی ٹی انجینیئر عبداللہ السواحہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت سعودی عرب میں پاکستانی کمپنیوں کو کام کرنے کیلیے زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں گی۔

ایم او یو کے تحت دونوں ممالک کے درمیان ماڈرن ٹیکنالوجی سینٹرز کے قیام اور صف اول کی جامعات کے کیمپس کھولنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ای گورننس، اسمارٹ انفرا اسٹرکچر، ای ہیلتھ ،ای ایجوکیشن کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون ہوگا۔

جدید ٹیکنالوجی کے انوویشن سینٹرز اور سینٹر آف ایکسی لینس بھی قائم کیے جائیں گے، نیز ڈیجیٹلائزیشن اور الیکٹرانک مینوفیکچرنگ کے میدان میں بھی ایک دوسرے سے بھر پور تعاون کیا جائے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل ریسرچ، اختراع اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں شراکت داری مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

معاہدے کے تحت مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ آف تھنگز، روبوٹکس، کلاوٴڈ کمپیوٹنگ، گیمز اور بلاک چین باہمی تعاون کے اہم شعبے ہوں گے۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے لیے انفرااسٹرکچر اور ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے میں بھی تعاون کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔