افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد کی جانے والی اشیا پر10 فیصد پراسیسنگ فیس عائد
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پراسیسنگ فیس عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
نگراں حکومت نے افغانستان سے متعلق ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت پاکستان کے راستے افغانستان کیلیے درآمد کی جانے والی مختلف اشیاء پر10 فیصد پراسیسنگ فیس عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہونے والی کمرشل اشیاء پر10 فیصد پراسیسنگ فیس عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبری 1380(I)/2023 کا اطلاق آج سے کردیا گیا ہے جس کے تحت ان اشیاء پر آج سے10 فیصد پراسیسینگ فیس کا اطلاق ہو گیا ہے تاہم نوٹیفکیشن کے اجرا سے پہلے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہونے والی اشیاء کی گڈز ڈکلیئریشن پر اطلاق نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے جن اشیاء پر 10 فیصد پراسیسنگ فیس عائد کی گئی ہے ان میں کنفکشنریز،چاکلیٹس،جوتے،الیکٹریکل و مکینیکل مشینری،کمبل و دیگر ہوم ٹیکسٹائل مصنوعات اور گارمنٹس کی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہونے والی کمرشل اشیاء شامل ہیں۔