بخار زکام کھانسی کے مریضوں میں اضافہ شہری فلو ویکسین لگوائیں ماہرین طب

موسمی تبدیلی،گرد وآلودگی سے،زکام،کھانسی الرجی اورنمونیہ کے کیس بڑھ رہے ہیں، ڈاکٹر فیصل


دعا عباس October 04, 2023
اب تک الرجک زکام ،کھانسی کے کیس رپورٹ ہوئے وائرل کیسز کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ فوٹو : فائل

شہری موسمی بخار سے بچاؤ کے لیے فلو ویکسین لگوائیں، اسپتالوں میں معمول کی نسبت موسمی بخار، الرجی زکام، کھانسی اور نمونیہ کے کیس دگنے ہوچکے ہیں جب کہ نمونیہ بچوں اور بزرگ افراد کو زیادہ متاثر کررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ماہرین طب نے منگل کو ایکسپریس سے دوران گفتگو کیا، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کراچی میں موسمی بخار ، زکام ،کھانسی اور نمونیہ کے امراض کے کیسوں میں معمول کی نسبت اضافہ ہورہا ہے۔ ایک ہفتہ قبل اسپتال کے او پی ڈی میں زکام ،کھانسی اور نمونیہ کے 10 سے 20 مریض آرہے تھے جبکہ اب یہ تعداد 40 سے 50 تک جاپہنچی ہے۔

جناح اسپتال کراچی کے جنرل فزیشن ڈاکٹر فیصل جاوید نے ایکسپریس کو بتایا کہ جناح اسپتال میں میڈیسن کی او پی ڈی میں روزانہ 100 مریضوں کا چیک اپ کرتے ہیں ماضی میں یومیہ 100 میں سے 20 مریض نزلہ ،زکام،کھانسی اور نمونیہ کی شکایت کے ساتھ اسپتال میں آرہے تھے اب یومیہ 50 کیس رپورٹ ہورہے ہیں، ان میں سے بیشتر مریضوں کو موسمی بخار بھی ہورہا ہوتا ہے، یہ تمام کیس الرجی کے رپورٹ ہورہے ہیں۔

ابتدا میں جب مریض ان علامات کے ساتھ اسپتال میں آتا ہے تو ہم اس کا علاج الرجک فلو کے طور پر کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی متاثرہ فرد میں بہتری نہیں آتی تو پھر ہم اس کو پی سی آر ٹیسٹ کی تجویز دیتے ہیں تاکہ تشخیص کی جاسکے کہ کہیں یہ وائرس انفیکشن تو نہیں ہے لیکن واضح کرتا چلوں کہ ابھی تک الرجک زکام، کھانسی کے کیس رپورٹ ہورہے ہیں ان میں سے وائرل کیسز کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے اکثر شہری خود ہی گھر میں اینٹی بائیوٹک دواؤں کا استعمال شروع کردیتے ہیں جس کے سبب صورتحال مزید خراب ہوجاتی ہے لہٰذا شہری گھریلو نسخے اپنانے سے گریز کریں اور ڈاکٹروں سے لازمی رجوع کریں۔

جناح اسپتال کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمر سلطان نے کہا ہے کہ جیسے ہی مون سون کا موسم ختم ہوا ہے اور ہوا میں آلودگی میں اضافہ ہوا ہے، اسکول جانے والے بچوں اور بزرگ افراد نزلہ، زکام، کھانسی اور نمونیہ سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، اسپتال میں آنے والے مریضوں کی حالت زیادہ تشویشناک تو نہیں مگر کیسز کی تعداد میں کافی اضافہ ہورہا ہے اسپتال میں معمول کی نسبت زکام،کھانسی اور نمونیہ کے کیس تقریبا دگنے ہوچکے ہیں جن افراد کی صحت پر ہر سال موسمی تبدیلی منفی اثرات مرتب کرتی ہے یا ان کے پھیپھڑے کمزور ہوتے ہیں ان کو طبی ماہرین فلو ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہیں جن میں ایچ انفلوئنزا ویکسین اور نیموکوکل ویکسین شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں