پی آئی اے کو واجبات کی عدم ادائیگی پر ایندھن کی فراہمی بند فلائٹ آپریشن متاثر

پی آئی اے نے 9 اکتوبر تک 150 ملین روپے ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی


آفتاب خان October 11, 2023
(فوٹو: فائل)

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو ایندھن کی فراہمی روک دی۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے 9 اکتوبر کو 150 ملین روپے ایندھن کی خریداری کے عوض ادائیگی کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی اور وعدے کے مطابق پی آئی اے نے ایک بار پھر مکمل ادائیگی نہیں کی۔

پی آئی اے کی جانب سے پی ایس او کو صرف 140 ملین کی ادائیگی کی گئی۔ عدم ادائیگی پر فوری طور پر کراچی ،لاہور ،اسلام آباد اور پشاور کی فیول سپلائی روک دی گئی۔

ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن پر پی ایس او کے مجموعی واجبات کی مالیت 26 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی میں تعطل کی وجہ سے دو اندرون ملک پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق فیصل آباد سے کراچی کی پرواز میں تاخیر ہوئی جبکہ اسلام آباد سے سکھر کی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق بیرون ملک پروازیں اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہورہی ہیں، پروازوں میں ہونے والی تاخیر سے مسافروں کو زحمت اٹھانا پڑی جس کیلیے معذرت خواہ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں