ایف بی آر کے 305 سے زائد افسران کو 140 فیصد ہیڈکوارٹر الاؤنس دینے کا فیصلہ
وزیراعظم نے ایف بی آر گریڈ 17 تا 22 کے افسران کو الاؤنس فراہم کرنے کی منظوری دے دی
وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے گریڈ 17 تا 22 کے305 سے زائد افسران کو 140 فیصد ایف بی آر ہیڈ کوارٹر الاؤنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ الاؤنس صرف ایف بی آر میں تعینات افسران کو ملے گا جب کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایف بی آر کے گریڈ 17 تا 22 کے افسران کو ہیڈ کوارٹر الاؤنس فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ایف بی آر افسران کو الاؤنس کی فراہمی کا اطلاق یکم نومبر 2023 سے ہوگا۔ اس حوالے سے''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے الاؤنس کی سمری منظوری کے بعد واپس موصول ہوگئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ایف بی آر ہیڈکوارٹر کے افسران کے الاؤنسز کے ریشنلائزیشن کی سمری کی منظوری دیدی ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ایف بی آر کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کو ہیڈ کوارٹر الاونس دینے کے لیے بھجوائی جانے والی سمری کے پیرا گراف نمبر 6 میں دی جانے والی تجویز کی منظوری دیدی ہے۔ اس بارے میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم آفس سے سمری منظور ہوکر آگئی ہے اور اس سمری میں ایف بی آر کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے 140 فیصد الاونس تجویز کیا گیا تھا، جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
مذکورہ افسر نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے باقی وزارتوں و ڈویژنوں کے افسران کے لیے ڈیڑھ سو فیصد ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری دی تھی جس سے ایف بی آر کے افسران میں بے چینی پائی جاتی تھی کیوں کہ ایف بی آر کے افسران کو ملنے والا کارکردگی الاؤنس کئی سال پہلے کی ہی بنیادی تنخواہ کی سطح پر منجمد ہوا پڑاتھا اور پھر اس کے بعد دوسرے اداروں کے افسران کو ڈیڑھ سو فیصد الاونس دیدیا گیا تھا مگر ایف بی آر کے افسران کو اس سے محروم رکھا گیا تھا جس سے ایف بی آر کے افسران کے لیے مالی مشکلات بڑھ گئی تھیں جن کے پیش نظر یہ سمری بھجوائی گئی تھی جس کی اب منظوری ہوگئی ہے اور اب باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
دوسری جانب''ایکسپریس'کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزیراعظم آفس سے منظور ہوکر آنے والی سمری میں بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر ہیڈ کوارٹر الاؤنس 2023 صرف فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹر کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کو ملے گا اور اس الاؤنس کا اطلاق یکم نومبر 2023 سے ہوگا۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس الاؤنس کی ادائیگی پر آنے والے اخراجات فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے رواں مالی سال 2023-24 کے لیے مختص شدہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔