جامعہ کراچی نئے تعلیمی سیشن کیلیے فیسوں میں 30 فیصد اضافہ

وائس چانسلر کی زیرصدارت اجلاس میں ایچ ای سی کی نئی انڈرگریجویٹ پالیسی اختیار نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا


Safdar Rizvi October 17, 2023
فوٹو : فائل

جامعہ کراچی نے فیسوں میں 30 فیصد اضافہ کردیا، اضافے کا اطلاق بی ایس اور ماسٹرز پروگرام کے داخلوں پر ہوگا۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے نئے تعلیمی سال 2024 کے لیے فیسوں میں 30 فیصد اضافہ کردیا ہے، اضافے کا اطلاق صرف نئے تعلیمی سیشن2024 کے بی ایس اور ماسٹرز پروگرام کے داخلوں پر ہی ہوگا۔

منگل کو وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیرصدارت ہونے والے جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں فیسوں میں اضافے اور داخلہ پالیسی کی منظوری دی گئی جس کے تحت بی ایس تھرڈ ایئر (پرانے ماسٹرز پروگرام) میں لیے جانے والے داخلہ ٹیسٹ ختم کردیے گئے ہیں جبکہ داخلوں کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا۔

اجلاس میں داخلے رائج انڈر گریجویٹ پالیسی کے تحت ہی دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اعلی تعلیمی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے متعارف نئی انڈر گریجویٹ پالیسی فی الحال اختیار نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پالیسی کو اس سلسلے میں کام کرنے والی کمیٹی کو بھجوادیا گیا۔

وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی کے مطابق متعلقہ کمیٹی انڈر گریجویٹ پالیسی کے سلسلے میں اپنی رپورٹ اکیڈمک کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی جس کی بنیاد پر ممکنہ طور پر ایچ ای سی کی نئی انڈر گریجویٹ پالیسی کو سیشن 2025 سے اختیار کیا جاسکے گا۔

علاوہ ازیں اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں "اسپورٹس بزنس منیجمنٹ" کے نام سے نئے بی ایس پروگرام کی منظور بھی دی گئی، اس پروگرام میں سیشن 2024 کے لیے 50 نشستوں پر داخلے داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ مذکورہ پروگرام شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے تحت شروع کیا جارہا ہے کیونکہ دنیا بھر میں کھیل ایک صنعت کا درجہ اختیار کرچکا ہے اور اس انڈسٹری کو چلانے اور اس کا نظم و نسق سنبھالنے کے لیے اب متعلقہ شعبے کے تعلیم یافتہ لوگ درکار ہیں اور اس کے لیے باقاعدہ نصاب تیار کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اکیڈمک کونسل سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں 30 اکتوبر سے بی ایس کے ٹیسٹ ڈپارٹمنٹ کے داخلوں کا سلسلہ شروع ہوگا اور ٹیسٹ نومبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں لیے جائیں گے۔

وسط نومبر میں بی ایس پروگرام اور بی ایس تھرڈ ایئر کے اوپن میرٹ کے داخلے شروع ہوں گے، علاوہ ازیں تھرڈ ایئر کے داخلوں کے لیے داخلہ ٹیسٹ کی پالیسی ختم کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں