ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپوکے آخری روز بھی اسٹالوں پر لائنیں

طلبا، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد دن بھر معلومات لیتے اور پروگرامز سے محظوظ ہوتے رہے۔


Abid Hussain May 19, 2014
ایکسپو کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید تھے۔ فوٹو: ایکسپریس

KHYBER AGENCY: ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام دوسری 2روزہ ''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئرایکسپو'' اتوار کو پاک چائنافرینڈشپ سینٹراسلام آباد میں انتہائی شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگئی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید تھے۔ ایکسپو کے دوسرے روز بھی راولپنڈی اسلام آباد اور قرب وجوار کے درجنوں تعلیمی اداروں کے سیکڑوں طلبا، ان کے والدین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مختلف اسٹالوں پر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں اور ملازمتوں کے حصول کے بارے میں معلومات لیتے رہے۔ ایکسپو میں طلباکی دلچسپی کا یہ عالم تھا کہ بعض اسٹالوں پر ان کی لائنیں لگ گئیں۔ اس موقع وہ دیگر مختلف پروگرامز سے بھی محظوظ ہوتے رہے۔ ایکسپریس میڈیا گروپ کی طرف سے گزشتہ سال پہلی ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو2013 کے کامیاب انعقاد کے بعد ایکسپریس پر اعتمادکرتے ہوئے رواں سال دگنی جامعات اور اداروں نے ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو میں شرکت کی۔



اس موقع پر50 اسٹال ہولڈرز نے اپنے اسٹال لگائے جن میں6 پلاٹینم اور9 گولڈ اسٹال ہولڈر تھے۔ علاوہ ازیں فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جامعات کے علاوہ قائداعظم یونیورسٹی ، ہمدرد یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف لاہور، پنجاب گروپ آف کالجز، اباسین یونیورسٹی، کیس، آئی سی میپ، یوایم ٹی، ہائرایجوکیشن کمیشن، امریکی ادارہ برائے تعلیم، وطین ، برائٹوپینٹس، آکسفورڈیونیورسٹی پریس، امپیریل کالج، این ٹی ایس، یونیورسٹی ایسٹ، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، کامسیٹس اور بیرون ملک تعلیم دلوانے والے کنسلٹنٹنس، اولڈبکس اسٹال ہولڈرز، روبوٹس اورپینٹنگ کے خوبصورت کارنربنائے گئے تھے۔ ایکسپوکے دوسرے روز بھی مختلف جامعات کے طلبا کے مابین تقریری، ڈانس، ڈراما، سنگنگ، بزنس کے نئے خیالات، فوٹوگرافی، اشتہارسازی ، شارٹ فلم ڈاکومینٹری، فیشن شو اور بیٹل آف بینڈزکے مقابلے ہوئے۔

جیوری کے فیصلو کے مطابق تقریری مقابلوںمیں فیصل آباد زرعی یونیورسٹی، پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے بالترتیب پہلی، دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح ڈانسنگ کے مقابلوں میں اسلامک یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور اور پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد نے بالترتیب پہلی، دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈراما کے مقابلوں میں آئی سی میپ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور اور بحریہ یونیورسٹی نے بالترتیب پہلی، دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی۔ سنگنگ کے مقابلوں میں یونیورسٹی آف لاہور، پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد اورکامسیٹس نے بالترتیب پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔



جدیدبزنس خیالات کے مقابلوں میں ایپکام، فیصل آبادزرعی یونیورسٹی اورپریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد نے بالترتیب پہلی، دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی، فوٹوگرافی کے مقابلوںمیں انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس اور فیصل آبادزرعی یونیورسٹی نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایڈکمپیٹیشن میں اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد، پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد اور قائداعظم یونیورسٹی نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ شارٹ ڈاکومینٹری کے مقابلوںمیں آئی سی میپ، یونیورسٹی آف لاہور اور قائداعظم نے بالترتیب پہلی، دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی۔

فیشن شوکے مقابلوںمیں یونیورسٹی آف لاہور ، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اورجی سی ایف ایس ڈی نے بالترتیب پہلی، دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی اور بیٹل آف بینڈزکے مقابلوںمیں یونیورسٹی آف لاہور ، آئی سی میپ اورفیصل آباد زرعی یونیورسٹی نے بالترتیب پہلی،دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی۔ طلبانے سرکاری ادروں میں رشوت، سفارش کلچر، موجودہ دور کے جعلی عاملوں، بھٹکے ہوئے انسانوں، آزادی صحافت کے غلط استعمال، بیروزگاری اور تعلیمی اداروں میں نقل کے رحجان پر بھی ڈرامے پیش کیے۔



تقریب کے شرکانے ایکسپو کی کامیابی پرکہاکہ ہمیں امید ہے کہ جس طریقے سے ایکسپریس میڈیا گروپ نے اس ایکسپو کا انعقاد کیا ہے، آئندہ برس اس کا دائرہ مزید وسعت اختیارکرتے ہوئے چھوٹے شہروں تک پھیلایا جائے گا اور جامعات اور اداروںکی تعداد رواںبرس کی نسبت دگنی ہوجائے گی۔ ایکسپو میں شریک ایک طالب علم محمدشوکت نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں اس طرح کے ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد ایکسپریس میڈیا گروپ کا اہم کارنامہ ہے۔ اس طرح کی تقریبات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔ فریحہ اورتانیہ نے کہا کہ یہ ایک صحت مند سرگرمی ہے جس کا انعقاد کرکے ایکسپریس میڈیا گروپ نے نہ صرف طلبابلکہ ان کے والدین پر بھی بڑا احسان کیاہے۔ اس کی مدد سے ہمیں مستقبل میں جھانکنے کی امید نظر آئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں