رواں ہفتے ڈالر کی قدر میں اضافہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی رہی

ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 278 اور اوپن ریٹ 280روپے سے متجاوز، انڈیکس50 ہزار پوائنٹس کیساتھ 6سال 4ماہ کی بلند سطح پر آگیا


Ehtisham Mufti October 22, 2023
ڈالر کے انٹربینک ریٹ 278 اور اوپن ریٹ 280روپے سے متجاوز، انڈیکس50 ہزار پوائنٹس کیساتھ6سال 4ماہ کی بلند سطح پر آگیا (فوٹو: فائل)

بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ اور گھبراہٹ میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے 4ہفتوں بعد گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا، ہفتہ وار کاروبار کے وسط میں 28روز بعد ڈالر کی قدر میں یکدم بڑے اضافے کے بعد باقی ماندہ 3روزہ سیشنز میں محدود پیمانے پر تنزلی ہوئی۔

ڈالر کی قدر میں اچانک بڑے اضافے سے مارکیٹ میں گھبراہٹ پیدا ہوگئی کیونکہ حکومت کو یورو بانڈز، سکوک پر منافع کی ادائیگیاں کرنی تھیں جس سے ڈالر کا انٹربینک ریٹ 280روپے سے تجاوز کر گیا تھا تاہم حکومت کے انتظامی اقدامات کے بعد سے ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 28.30 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

چار ہفتے کے وقفے کے بعد گزشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 0.42 فیصد کمزور ہوا اور ڈالر کے انٹر بینک اور اوپن ریٹ کے درمیان 0.61فیصد کا فرق رہ گیا، عمومی طور پر ڈالر کی فروخت برقرار رہنے سے سپلائی بہتر رہی، ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 278روپے اور اوپن ریٹ 280 روپے سے تجاوز کرگئے۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر، یورو، درہم اور ریال کی قدر میں اضافہ جبکہ پاؤنڈ کی قدر میں کمی ہوئی۔

علاوہ ازیں مثبت معاشی اشاریوں، آئی ایم ایف سے دوسری قسط ملنے کی توقعات پر گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی رہی، بعض سیشنز میں تیکنیکی درستگی اور پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان بھی رہا۔

گزشتہ ہفتے کے 3سیشنز میں تیزی، 2سیشنز میں مندی رہی، ہفتہ وار کاروبار میں انڈیکس 50ہزار پوائنٹس کے ساتھ 6سال 4ماہ کی بلند سطح پر آگیا، مجموعی طور پر تیزی کے سبب حصص کی مالیت 93ارب 10کروڑ 43لاکھ 41ہزار 30روپے بڑھ گئی جس سے مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 73کھرب 79ارب 12کروڑ 82لاکھ 76ہزار 260روپے ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں