حضرت نظام الدین اولیاؒ کا عرس بھارت نےپاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیے
بھارتی سفارتخانےنے 148 پاکستانی زائرین کی ویزا درخواستیں مسترد کردیں، وزارت مذہبی امور
حضرت نظام الدین اولیاؒ کے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارتی حکومت نے 102 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیے، زائرین 31 اکتوبر کو واہگہ بارڈر کے راستے نئی دہلی جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حضرت نظام الدین اولیاؒ کے 720 ویں سالانہ عرس کی تقریبات 28 اکتوبر سے شروع ہوچکی ہیں۔
عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے جن زائرین نے ویزا درخواستیں جمع کروائی تھیں وہ جمعہ کے روز حاجی کیمپ لاہورپہنچ گئے تھے لیکن بھارتی سفارتخانے کی طرف سے ویزے جاری نہیں کیے گئے تھے۔
وفاقی وزارت مذہبی امور کے حکام کے مطابق بھارتی سفارتخانے نے 102 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کیےہیں۔ زائرین 31 اکتوبر کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا جائیں گے۔
زائرین بھارت کے اٹاری بارڈر سے بذریعہ بس امرتسرریلوے اسٹیشن پہنچیں گے اور وہاں سے ٹرین کے ذریعے دہلی جائیں گے جہاں حضرت نظام الدین اولیاؒ کے عرس کی تقریبات جاری ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق بھارتی سفارتخانےنے 148 پاکستانی زائرین کی ویزا درخواستیں مسترد کردیں۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کے توسط سے 250 زائرین نے ویزا درخواستیں جمع کروائی تھیں۔
پاکستانی زائرین عرس تقریبات میں شرکت کے بعد 8 نومبر کو واپس آئیں گے۔