خوابوں کی تعبیر
آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا احوال
صبح کے وقت سورج کو تکنا
آمنہ جمال، کوئٹہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پر ہوں اور نماز پڑھ کے اوپر ہی چل رہی ہوں جیسے واک کرنے کے لئے ہم پھرتے ہیں۔ چلتے چلتے دن کی روشنی نمودار ہونے لگتی ہے اور سورج طلوع ہونے لگتا ہے۔ مجھے یہ نظارہ بہت اچھا لگتا ہے اور میں ٹکٹکی باندھ کے دیکھتی چلی جاتی ہوں ۔ جب سورج اتنا بلند ہو جاتا ہے کہ میری آنکھیں چندھیانے لگتی ہیں تو میں پیچھے ہٹ جاتی ہوں۔ اس کے بعد مجھے نہیں یاد، شائد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پر مستحکم ہوں گے۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں۔
اندھیرے جنگل میں چلنا
منزہ حکیم، مری
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اکیلی پتہ نہیں کہاں چلی جا رہی ہوں ۔ رات کا وقت ہے اور کافی اندھیرا ہے بلکہ یوں سمجھیں جیسے جنگل سا ہے۔ اچانک سامنے سے ایک جانور مجھ پر حملہ کرنے کے لئے میری طرف چھلانگ لگاتا ہے اور میں خوفزدہ ہو کہ وہیں پتھر بن جاتی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے مگر بہت دیر تک خوف کا شکار رہتی ہوں ۔ پلیز مجھے بتائیے کہ اس کی کیا تعبیر ہے ۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔
بزرگ سے ملاقات
اسد وڑائچ، گجرات
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی مجمعے یا جلسے نما جگہ پر ہوں اور پتہ نہیں شائد کسی کے کہنے پر یا خود ہی وہاں لوگوں کے سامنے کھڑا ہو کر قرآن پاک کی سورت کی تلاوت کرنے لگ جاتا ہوں ۔ وجہ مجھے نہیں پتہ کہ میں کیوں ادھر کھڑا ہو کر تلاوت کر رہا ہوتا ہوں مگر یہ یاد ہے کہ لوگ خاموشی سے سن رہے ہوتے ہیں ۔ جب میں تلاوت ختم کر کے اسٹیج سے نیچے اترتا ہوں تو وہاں ایک بزرگ بارعب سے چہرے والے مجھے گلے لگا کر بہت پیار کرتے ہیں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔ گھریلو و کاروباری معاملات میں دشمن پر فتح نصیب ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
خزاں میں سرسبز لان
نبیلہ امتیاز، شیخوپورہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کے چھوٹے سے لان میں کھڑی اپنے پودوں کو دیکھ رہی ہوتی ہوں ۔ اور حیران ہو رہی ہوتی ہوں کہ اس وقت سردی کے موسم میں خزاں ہر طرف ہے مگر میرا باغ انتہائی سرسبز اور رنگ برنگے پودوں و پھولوں سے بھرا ہوا ہے ۔ کہ ایسے خوش شکل پھول ہوتے ہیں کہ میں وہاں کھڑی یہ سوچ رہی ہوتی ہوں کہ یہ تو میں نے نہیں خریدے، یہ میرے باغ میں کیسے آ گئے۔ ان پر کافی تتلیاں بھی آ کر بیٹھی ہوتی ہیں ۔ غرض بالکل بہار کا سا سماں ہوتا ہے۔ جبکہ آج کل سردی کی وجہ سے سب جانتے ہیں کہ کہیں بھی ہریالی نہیں ہے ۔ برائے کرم مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ علم و ہنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی جس سے دنیاوی طور پر بھی آپ کو فائدہ ہو گا ۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں۔
فوت شدہ افرادکی شادی میں شرکت
مریم انوار، حیدر آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی شادی میں گئی ہوئی ہوں ۔ وہاں کافی چمک دمک والا ماحول ہوتا ہے جیسے عام طور پر ہمارے معاشرے میں ہوتا ہے۔ وہیں مجھے عورتوں کے گروپ میں انتہائی خوش و خرم اپنی کچھ رشتے دار نظر آتی ہیں جو انتقال کر چکی ہیں ۔ وہ بھی انتہائی زرق برق لباس پہنے مٹھائی کے ڈبے لئے موجود ہوتی ہیں۔ مجھے اس کے بارے میں بتا دیجئے کہ یہ کیسی شادی تھی جس میں سب مرے ہوئے ہی لوگ تھے ۔
تعبیر : آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے ۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔