مودی سرکار میں بھارت منشیات کا عالمی گڑھ بن گیا

بھارت میں جنوبی ایشیاء کی 90 فیصد اور دنیا کی 34 فیصد کے برابر افیون کے عادی افراد ہیں


خالد محمود November 02, 2023
مودی نے بھارت کو منشیات کا عالمی گڑھ بنادیا، فوٹو: فائل

ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2023 نے مودی سرکار کے منشیات سے مثاتر ہونے کے پروپیگنڈے کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود منشیات کی اسمگلنگ کا عالمی گڑھ بن گیا۔

بھارت میں منشیات اسمگلنگ میں مودی کا یارِ خاص گوتم اڈانی بھی ملوث نکلا منشیات اسمگلنگ اور افیون کے استعمال کی سب سے بڑی ایشیائی مارکیٹ بھارت ہے، ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2023 کے مطابق 5 کروڑ سے زائد ہندوستانی نشے کا شکار ہیں۔

1 کروڑ دس لاکھ ہندوستانی صرف افیون کے نشے کا شکار ہیں جنوبی ایشیاء کے 90 فیصد اور دنیا کے 34 فیصد افیون کے عادی افراد ہندوستانی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دس سال سے کم عمر بچوں کے منشیات کے استعمال میں گزشتہ دہائی میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔

مودی سرکار پاکستان سے منشیات اسمگلنگ کا واویلا مچاتی ہے جب کہ 87 فیصد منشیات سمندری راستے سے اسمگل ہوتی ہیں۔ زیادہ تر منشیات ایران کی چاہ بہار پورٹ سے بھارتی گجرات کی مندرا پورٹ پر اسمگل ہوتی ہیں۔

بھارتی حکام نے 15 ستمبر 2021 کو مندرا سے 3 ٹن اور اگلے دن احمدآباد سے بھی 3 ٹن ہیروئن برآمد کی۔ مندرا پورٹ کا انتظامی کنٹرول گوتم اڈانی کی کمپنی کے پاس ہے منشیات پکڑے جانے کے بعد بھی مودی سرکار نے اڈانی کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں کیں۔

حکومتی سرپرستی کے بغیر منشیات کی اتنی بڑی کھیپ مندرا پورٹ سے کلئیر نہیں ہو سکتی تھی۔

سابق بھارتی وزیر خزانہ چدم برم نے کہا کہ ریاست لدھیانہ سے تعلق رکھنے والے اکشے چھابڑا اور سندیپ سنگھ عالمی سطح کے ڈرگ لارڈ ہیں میانمار سے ناگالینڈ، میزورام اور منی پور کے راستے منشیات اسمگل کی جاتی ہیں۔

تینوں ریاستوں میں بی جے پی اکیلی یا اتحادی کے طور پر حکومت میں ہے۔2019 میں بنگلہ دیش میں اسمگل ہونے والی 95 فیصد منشیات بھارت سے آئی، افغانیوں کو کرسٹل میتھ کی تیاری کا طریقہ بھی بھارتی فارما کمپنیوں نے سکھایا۔

بھارت کے 22 اضلاع میں سرکاری سرپرستی میں افیون کاشت کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نومبر 2022 میں بھارت سے یوگنڈا ڈھائی ٹن ایفیڈرین اسمگلنگ کے دوران پکڑی گئی۔ 2021 میں اطالوی پولیس نے بھارتی فارما کمپنیوں کی طرف سے داعش کو بھیجی گئی ٹراماڈول کا پورا جہاز پکڑ لیا۔پکڑی گئی ٹراماڈول کی مالیت 1 ملین ڈالر کے لگ بھگ تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔