ڈالر کے انٹربینک ریٹ 284 روپے سے تجاوز کرگئے
ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ 285 روپے کی سطح پر آگئے
معیشت میں زرمبادلہ کی ڈیمانڈ، ماہوار بنیادوں پر آئل سیمنٹ گاڑیوں کی فروخت کا حجم بڑھنے سے جمعہ کو بھی ڈالر کی پرواز جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 284 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ 285 روپے کی سطح پر آگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، آئی ایم ایف پروگرام کے پہلے ریویو کے اہداف پورے ہونے اور سپلائی میں بہتری کے باوجود ڈالر کی پیش قدمی سے اس امر کی نشاندہی ہوری ہے، شعبہ جاتی بنیادوں پر معیشت کی ڈیمانڈ اور شرح تبادلہ کے تعین کو مارکیٹ فورسز پر چھوڑنے کی حکمت عملی ڈالر کی قدر میں اضافے کا باعث ہیں،مستقبل قریب میں ڈالر کی قدر بڑھنے کی پیش گوئیاں بھی مارکیٹ پر اثرانداز ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر معمول کے مطابق من وعن عمل درآمد سے قرضے کی دوسری قسط کی منظوری یقینی ہونے اور مثبت معاشی سرگرمیوں کی بھی مارکیٹ میں بازگشت ہے لیکن معیشت میں زرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے ڈالر کی پرواز دیکھی جارہی ہے۔
جمعہ کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر 49 پیسے گھٹ کر 282 روپے 93پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اس دوران وقفے وقفے سے ڈیمانڈ آنے سے ڈالر کی پیش قدمی شروع ہوئی۔
نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 89 پیسے کے اضافے سے 284روپے 31پیسے کی سطح پر بند ہوئی، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50 پیسے کے اضافے سے 285روپے کی سطح پر بند ہوئی۔