4 روز سے بجلی بند رہنے پر شہری مشتعل سڑکیں بلاک کردیں

قومی شاہراہ پرمظاہرہ ودھرنا،ٹائر جلائے،2 گھنٹے ٹریفک معطل، ٹرانسفارمر 4 دن قبل جل گیا، تبدیلی کیلیے حیسکو کا لیت و لعل


قومی شاہراہ پر مظاہرہ ودھرنا، ٹائر جلائے، 2 گھنٹے ٹریفک معطل، ٹرانسفارمر 4 دن قبل جل گیا، تبدیلی کیلیے حیسکو کا لیت و لعل۔ فوٹو: فائل

4 روز سے بجلی رہنے پر ٹھٹھہ کے شہری مشتعل، سڑکوں پر نکل آئے، احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا، ٹائر نذر آتش، کراچی، حیدرآباد جانے والے راستے بند۔

تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ شہر کے محلے شاہ مبین میں گزشتہ 4 روز سے بجلی کی فراہمی بند ہے جس کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور انھوں نے مین قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائر جلائے جس کی وجہ سے ٹھٹھہ کراچی آنے جانے والے راستے 2 گھنٹے تک بند رہے۔ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین جمی قریشی اور روزی خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 4 روز قبل شاہ مبین محلہ اور دیگر علاقوں کو بجلی سپلائی کرنے والا ٹرانسفارمر جل گیا تھا جو حیسکو والے اتار کر لے گئے، ہم روزانہ دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں مگر ہمیں کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا جارہا۔

نہ ہی منتخب نمائندے یا ضلعی افسران کوئی بات سنتے ہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے علاقے میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ مظاہرین سے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ٹھٹھہ نے مذاکرات کرکے انھیں منتشر کر دیا۔دریں اثنا بدین شہر سمیت تلہار، ماتلی، ٹنڈوباگو، گولارچی، کھوسکی، شادی لارج سمیت دیہی علاقوں میں 16 گھنٹے سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، حکومت کے اعلان کے باوجود بھی بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آسکی۔ 18 گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں