شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

کئی لوگوں پرکریمنل کیسز ہیں ،صرف شیریں مزاری کا نام کیوں شامل کیا گیا؟ اسلام آباد ہائی کورٹ


Numainda Express November 22, 2023
کئی لوگوں پرکریمنل کیسز ہیں ،صرف شیریں مزاری کا نام کیوں شامل کیا گیا؟ اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے پورے اسلام آباد میں کئی لوگوں پرکریمنل کیسز ہیں ،صرف شیریں مزاری کا نام کیوں شامل کیا گیا ؟

ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سابق وزیر شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل جبکہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے طاہر کاظم ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

پولیس کے وکیل نے بتایا کہ شیریں مزاری کے خلاف 7مقدمات درج ہیں جس پر عدالت نے کہا پورے اسلام آباد میں کئی لوگوں پرکریمنل کیسز ہیں صرف شیریں مزاری کا نام کیوں شامل کیا گیا ؟

وکیل نے کہا جن کے پاس کھانا پینا نہیں ہوتا انہوں نے تو بیرون ملک نہیں جانا ہوتا اس لیے ایسے لوگوں سے کوئی ڈر نہیں ہوتا جن کی ٹریول ہسٹری نہ ہو یا کھانے پینے کی کمی ہو۔ شیریں مزاری کی ٹریول ہسٹری کافی زیادہ ہے۔

عدالت نے کہا ٹریول ہسٹری زیادہ ہے یہ تو کوئی بات نہ ہوئی جس کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں