سانحہ بلدیہ فیکٹری عملدرآمد کیس متعلقہ اداروں سے پیش رفت رپورٹ طلب

50 ہزار مفرور و اشتہاری ملزمان میں سے 26 فیصد کی گرفتاری میں کامیابی مل چکی ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی


کورٹ رپورٹر November 24, 2023
(فوٹو: فائل)

سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری عملدرآمد کیس میں متعلقہ اداروں سے مزید پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

سانحہ بلدیہ فیکٹری عملدرآمد کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند پیش ہوئے۔ عدالت میں مفرور اور اشتہاری ملزموں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں نادرا حکام کی جانب سے بھی رپورٹ عدالت میں جمع کروادی گئی۔

نادرا کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مفرور اور اشتہاری ملزمان کا ریکارڈ جو ہمیں فراہم کیا گیا وہ مکمل نہیں۔ فراہم کیے گئے ریکارڈ میں ملزمان کے قومی شناختی کارڈ نمبر موجود نہیں۔ ہمیں تمام تر معلومات فراہم کی جائیں تاکہ کارروائی شروع کی جائے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ اداروں سے مزید پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ عدالت نے مفرور اور اشتہاری ملزموں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے رکھا ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں 50 ہزار سے زائد ملزمان مفرور و اشتہاری ہیں۔

سماعت کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ عدالت میں عمل درآمد رپورٹ جمع کرادی گئی ہے۔ 50 ہزار مفرور و اشتہاری ملزمان میں سے 26 فیصد کی گرفتاری میں کامیابی مل چکی ہے۔ کراچی میں موجود تمام ملزمان پکڑے جائیں گے۔ پولیس میں موجود ملزمان سے متعلق سوال پر ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے کہا کہ جو بھی ہیں وہ پکڑے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں