سندھ تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز اور ناظمین امتحانات کی اسامیوں کے اشتہار جاری کرنیکا فیصلہ

الیکشن کمیشن کی اجازت کا انتظار ہے، میٹرک بورڈ کراچی کے سیکرٹری کو ہٹانے کی سمری بھی وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال


Safdar Rizvi November 28, 2023
(فوٹو: فائل)

سندھ میں تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز اور ناظمین امتحانات کی اسامیوں کے اشتہارات فوری جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

حکومت نے میٹرک بورڈ کراچی سمیت صوبے کے 6 تعلیمی بورڈز میں چیئرمینز اور ناظمین امتحانات کی اسامیوں کے لیے فوری اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی اجازت کا انتظار کیا جارہا ہے جب کہ سکھر ، میرپورخاص اور حیدرآباد بورڈز میں تعینات چیئرمینز کی سبکدوشی کی سمری بھی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منظوری کی منتظر ہے۔ علاوہ ازیں میٹرک بورڈ کراچی کے سیکرٹری کو ہٹانے کی سمری بھی وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوادی گئی ہے۔

یہ بات سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز حکومت سندھ کے ایک اعلیٰ افسر نے جامعہ کراچی میں ایک تقریب کے دوران ایکسپریس کے سوال پر بتائی۔ اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ جب تک اشتہار کے ذریعے بھرتی کا مرحلہ جاری رہے گا، اسٹاپ گیپ ارینجمنٹ کے طور پر قائم مقام چیئرمینز اور ناظمین امتحانات کی تعیناتی کردی جائے گی۔

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کو محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی جانب سے سمریز موصول ہوئی ہیں جس میں بعض وائس چانسلرز اور کالج پروفیسرز کو بورڈز کا عارضی چارج تفویض کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عدالتی حکم کے باوجود تعلیمی بورڈز کےچیئرمینوں کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا

واضح رہے کہ حکومت سندھ نے خلاف ضابطہ اور سفارش پر تعینات انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین نسیم میمن سمیت دیگر کو گزشتہ ہفتے عہدے سے ہٹادیا تھا۔ انہیں لاڑکانہ بورڈ میں رپورٹ کروادیا گیا جب کہ ناظمین امتحانات کے عہدے سے بھی بعض افسران فارغ کیے گئے ہیں، تاہم سکھر، حیدرآباد اور میرپورخاص کے چیئرمینز فارغ نہیں کیے گئے۔

سندھ حکومت کے اعلیٰ افسر کے مطابق ان بورڈز کے چیئرمینز کو عہدوں سے فارغ کرنے کی سمری بھی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موجود ہے، جس کی منظوری کا انتظار کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انٹر بورڈ کراچی میں قائم مقام ناظم امتحانات کی تقرری کے لیے اسی بورڈ کے 3 افسران زرینہ چوہدری، شجاعت ہاشمی اور عظیم صدیقی کے نام بھجوائے گئے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں