کراچی اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے گھر میں موجود 17 سالہ لڑکی جاں بحق
لیاقت آباد میں پانچ سالہ فاطمہ اور ناظم آباد پانچ نمبر چاندنی چوک پر 15 سالہ نینا اندھی گولیاں لگنے سے زخمی
شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھر کے اندر موجود 17 سالہ لڑکی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی جبکہ اندھی گولی لگنے سے پانچ سالہ بچی سمیت دو لڑکیاں بھی زخمی ہوگئیں۔
پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں گھر کے باہر جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر 17 سالہ لڑکی جاں بحق ہوئی جس کی شناخت فرح کے نام سے ہوئی ہے۔
اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ ہم سب گھر میں بیٹھے ہوئے تھے اور فرح چائے بنانے کیلیے باورچی خانے میں گئی تو اس دوران فائر کی آواز آئی اور پھر وہ گر گئی، جب اُس کے قریب جاکر دیکھا تو خون بہہ رہا تھا۔
اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ فرح کو اسپتال لے کر پہنچے تو ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ گلی میں ہونے والے جھگڑے کے دوران فائرنگ ہوئی، جس کی زد میں گھر کے اندر موجود فرح آگئی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔
قبل ازیں شہر قائد کے ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد بی ون ایریا میں گھر میں کھیلتی ہوئی بچی سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوئی جبکہ اندھی گولی لگنے سے ناظم آباد پانچ نمبر چاندنی چوک کے قریب گھر میں موجود 15 سالہ لڑکی نینا زخمی ہوئی جسے عباسی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
لیاقت آباد کے علاقے بی ون ایریا کیتلی چوک کے قریب گھر کے اندر گولی لگنے کے واقعہ میں کسمن لڑکی شدید زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچی کی شناخت 5 سالہ زینب کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والے گولی بچی کو سر پر لگنے کا بتایا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او لیاقت آباد رانا حسیب سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملی ہے اور اس حوالے سے وہ معلومات حاصل کر رہے ہیں۔