کراچی پولیس نے 50 لاکھ کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا
ملزمان کی شناخت بادشاہ حسین(مرکزی ملزم)،غلام اللہ اور محمد معصوم کے ناموں سے ہوئی ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ
سائوتھ زون پولیس اور اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے50 لاکھ کی ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کھارادر کے علاقے میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے 3 مسلح ملزمان نے 50لاکھ روپے کی رقم چھینی اور فرار ہوگئے ۔
ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے کھارادر میں 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کرنے والا 3 رکنی گینگ کو گرفتار کیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مذکورہ کیس میں ایک اعلی سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی،جس کے بعد ملزمان سے لوٹی گئی تمام رقم 50 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔
اسدرضا کے مطابق ملزمان کی شناخت بادشاہ حسین(مرکزی ملزم)،غلام اللہ اور محمد معصوم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ گرفتار گینگ نے کھارادر میں بینک سے رقم نکلوانے والے کپڑے کے تاجر سے 50 لاکھ روپے چھینےتھے۔
ملزمان بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں سے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کی تفتیش کی جارہی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کامیاب کارروائی کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کیلیے ایک تنخواہ کی رقم انعام کے طور پر دینے کا اعلان کیا ہے ۔