اسٹاک ایکسچینج میں تیزی برقرار پہلی بار 63500 پوائنٹس کی سطح بھی عبور
تیزی کے سبب 67فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں، حصص کی مالیت میں 1کھرب 13ارب 85کروڑ روپے کا اضافہ
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بڑی نوعیت کی تیزی کا تسلسل برقرار، ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 63500پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور ہوگئی۔
آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد مثبت رجحانات، مقامی و غیر ملکیوں کی بینکنگ، ریفائنری، ٹیلی کام، آئل اینڈ گیس انشورنس ودیگر شعبوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی بڑی نوعیت کی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 63500پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کرگیا۔
تیزی کے سبب 67فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1کھرب 13ارب 85کروڑ 17لاکھ 81ہزار 959روپے کا اضافہ ہوگیا۔
کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 1083 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 64ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی تھی لیکن وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ کے سبب اختتامی لمحات میں انڈیکس کی 64ہزار پوائنٹس کی سطح کے استحکام میں مزاحمت کا سامنا ہوا اور انڈیکس کی مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔
شعبہ جاتی بنیادوں پر خریداری سرگرمیوں سے مارکیٹ نئی بلندیوں کی جانب گامزن رہی، کیپیٹل مارکیٹ اور کاروباری ماحول میں بہتری نظر آنے سے لسٹڈ کمپنیوں کی جانب سے بھی اپنے حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں حالانکہ یہی کمپنیاں ماضی قریب میں خراب معاشی حالات کے پیش نظر اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دے رہی تھیں۔
ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں اضافے اور نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں اضافہ نہ ہونے کی امیدوں سے سرمایہ کاروں کا مورال بلند رہا جس سے مارکیٹ کا گراف بھی یومیہ بنیادوں پر بلندی کے نت نئے ریکارڈز بنارہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی اداروں کی جانب سے دسمبر 2024 تک انڈیکس 32فیصد کی نمو کے ساتھ 81ہزار پوائنٹس کی سطح تک پہنچنے کی پیش گوئیوں، معیشت کے درست سمت پر گامزن ہونے سے دوست ممالک کی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری دلچسپی سے حصص مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رحجان بڑھ گیا ہے جو مارکیٹ کو نئی تاریخ ساز بلندیوں پر پہنچا رہا ہے۔
تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 961.70 پوائنٹس کے اضافے سے 63917.72 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 348.08پوائنٹس کے اضافے سے 21351.74پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح کے ایم آئی 30 انڈیکس 1849.11 پوائنٹس کے اضافے سے 108925.36 پوائنٹس اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 318.01 پوائنٹس کے اضافے سے 14948.95 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم منگل کی نسبت 29فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 98کروڑ 48لاکھ 13ہزار 834 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 386 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 259 کے بھاؤ میں اضافہ، 119 کے داموں میں کمی اور 8 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔