سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کیلیے مقرر
انٹراکورٹ اپیلوں پر لارجر بینچ 13 دسمبر کو سماعت کرے گا
سپریم کورٹ آف پاکستان نے سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں اور جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کی خلاف دائر درخواستوں کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کیخلاف درخواستوں کو سماعت کیلیے مقرر کردیا۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کے ذرائع نے بتایا کہ جسٹس مظاہر علی نقوی کی درخواستوں پر سماعت 15دسمبر کو ہوگی، جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔
علاوہ ازیں سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت 13دسمبر کو ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت لارجر بینچ کرے گا۔
واضح رہے کہ سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے حق میں وفاقی حکومت اور وزارت دفاع نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کے بینچ ون کی عدالتی کارروائی کو ریکارڈ کرکے تمام مواد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
مذکورہ بالا فیصلے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کی تین رکنی کمیٹی کی میٹنگ میں اہم فیصلے کیے گئے۔ کمیٹی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجازالاحسن شامل ہیں۔