کے الیکٹرک بلز میں کے ایم سی چارجز کیخلاف درخواست پر مزید دلائل طلب

کے الیکٹرک وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ ہے، صوبائی ٹیکس وصول نہیں کرسکتا، عدالتی معاون


ناصر بٹ December 19, 2023
کے الیکٹرک وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ ہے، صوبائی ٹیکس وصول نہیں کرسکتا، عدالتی معاون

سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے ذریعے کے ایم سی چارجز لینے کیخلاف امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر آئندہ سماعت پر دونوں فریقین سے مزید دلائل طلب کرلیے۔

جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کے الیکٹرک کے ذریعے کے ایم سی چارجز لینے کیخلاف امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر سماعت کی۔

جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ، عدالتی معاون منیر اے ملک اور میئر کراچی مرتضی وہاب عدالت میں پیش ہوئے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آرٹیکل 100 کے تحت بجلی کے بل میں کے ایم سی کے چارجز لے سکتے ہیں۔ جس سے تقریباً 4 ارب روپے کی وصولی ہوگی۔ جو کراچی کی ترقی کے لیے خرچ ہونگے۔ کے الیکٹرک بلز میں ٹی وی سمیت دیگر وفاقی ٹیکس وصول کیئے جاتے ہیں، اس لیے کے ایم سی چارجز بھی اسی طرح وصول کرنا چاہتے ہیں۔

عدالتی معاون و سینئر وکیل منیر اے ملک نے موقف دیا کہ کے الیکٹرک وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ ہے، صوبائی ٹیکس وصول نہیں کرسکتا۔ کے الیکٹرک بجلی کا بل ادانہ کرنے پر بجلی منقط کرسکتی ہے لیکن کے ایم سی ٹیکس پر نہ دینے پر بجلی منقطع کرنے کا اختیار نہیں۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ کے ایم سی ٹیکس وصول نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہیں رک جاتی ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں فریقین سے مزید دلائل طلب کرکے سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 10 ارب روپے تو صرف ملازمین کی پینشن ہے۔ کیسے کوئی سرکاری ادارہ ٹیکسیشن کے نظام کے بغیر چل سکتا ہے۔ ماضی میں جو ٹیکس 5 ہزار روپے تھا وہ آج کم کرکے 50 روپے کردیا گیا ہے۔ جو پیسہ پہلے لوگوں کی جیبوں میں چلا جاتا تھا اب وہ اکاؤنٹ میں آئے گا اور چوری نہیں ہوپائے گی۔ ہر پاکستانی کا اعتراض ہے، میں سمجھتا ہوں کوئی بھی شہری ٹیکسیشن کے نظام سے مطمئن نہیں۔ میں سمجھتا ہوں یہ شہری ان مخیر حضرات کا بھی ہے جو لاکھوں کروڑوں روپے خیرات کردیتے ہیں۔ اگر 50 روپے کے ایم سی کو 23 لاکھ کنزیومر سے ملے گا تو کے ایم سی کو ساڑھے 4 ارب روپے ٹیکس ملے گا۔

ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ کے الیکٹرک پہلے ہی کے ایم سی کی اربوں روپے کی نادہندہ ہے۔ ایک نادہندہ ادارے کو کیسے ٹیکس جمع کرنے کا اختیار دیا جاسکتا ہے۔ کے ایم سی کے پاس پہلے سے خود ٹیکس وصولی کا طریقہ کار موجود ہے۔ کے ایم سی کے اداروں میں کرپشن ختم کرنے کے بجائے مرتضیٰ وہاب کے الیکٹرک کو ٹیکس وصولی دینے کے لئے کیوں بے چین ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں