ٹھٹھہ میں نو سرباز سرگرم سیکڑوں سادہ لوح افراد لٹ گئے

بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ جاری کرانے کا جھانسہ دے کر فی کس 5 سو روپے اینٹھ لیے، پولیس کاکسی کارروائی سے گریز


Express News Desk May 30, 2014
بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ جاری کرانے کا جھانسہ دے کر فی کس 5 سو روپے اینٹھ لیے، پولیس کاکسی کارروائی سے گریز۔ فوٹو : فائل

ضلع ٹھٹھہ کے مختلف شہروں میں نوسرباز گروہ سرگرم، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ اور نادرا کے شناختی کارڈ کے نام پر سادہ لوح افراد کو لوٹنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ کے مختلف شہروں گھارو، میرپور ساکرو، گاڑھو میں نوسرباز گروہ سرگرم ہوگئے۔ یہ گروہ ایسے گھرانوں سے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپیاں لے رہے ہیں جن کے نام پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ جاری نہیں ہوئے اور فی کارڈ 2 سو سے 5 سو روپے تک وصول کررہے ہیں۔ اسی طرح ایسے افراد جن کے کارڈ بلاک یا گم ہوگئے ہیں ان سے بھی شناختی کارڈ کی کاپی اور 2 سو سے 5 سو روپے تک وصول کررہے ہیں۔ ایسے شناختی کارڈ جن پر رجسٹرار جنرل حکیم ارشد کے دستخط موجود ہیں ایسے شناختی کارڈ رکھنے والوں کو جھانسہ دیا جارہا ہے۔ وہ شناختی کارڈ کی فوٹو کاپیاں دیں ان کے اکاؤنٹ میں 30 ہزار روپے آجائیں گے۔

کہیں یہ رقم 10 ہزار بتائی جارہی ہے اور کارڈ کی فوٹوکاپی کے ہمراہ 2 تا 5 سو روپے وصول کررہے ہیں۔ یہ فراڈ عروج پر ہے اورسیکڑوں کی تعداد میں غریب سادہ لوح افراد اس امید پر کہ انھیں بڑی رقم ملے گی اپنے کارڈز کی فوٹو کاپیاں اور رقم ان گروہ کے افراد کے حوالے کردیتے ہیں۔ اسی طرح ضلع بھر میں موبائل فونز پر ایسے پیغام بھی بھیجے جارہے ہیں کہ سروے کے دوران آپ کا نام اور نمبر منتخب کیا گیا ہے اور 25 ہزار 2 سو روپے منظور ہوئے ہیں، آپ اس نمبر پر رابطہ کریں اور جب صارف دیے گئے نمبر پر رابطہ کرتا ہے تو اسے بتایا جاتا ہے کہ 5 ہزار روپے ایزی پیسہ کریں تو آپ کو 30 ہزار کا چیک ارسال کریں گے اور جب لوگ 5 ہزار بھیجواتے ہیں تو مذکورہ نمبر بند ہوجاتا ہے اور اب تک ضلع بھر میں ان نوسربازوں اور پیغام کے ذریعے سیکڑوں لوگ لٹ چکے ہیں لیکن پولیس نوسربازوں کے خلاف کارروای کے بجائے صرف تماشا دیکھ رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں