گزشتہ سال 10ہزار 140 بچوں کو پنجاب بھر میں ریسکیو کیا گیا
بیورو نے تشدد اور زیادتی کا شکار 200 سے زائد بچوں کو تحویل میں لیا
سال 2023 میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے 10ہزار 140 بچوں کو پنجاب بھر میں ریسکیو کیا۔
لاہور میں گزشتہ سال 2962، گوجرانوالہ میں 1295، فیصل آباد میں 1345، راولپنڈی میں 1219، ملتان میں 890 اور ساہیوال میں 798 بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔ اسی طرح سیالکوٹ میں 1023، بہاولپور میں 390 اور رحیم یار خان میں 218 بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔
چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران 8892 بچوں کو والدین کے حوالے کیا گیا۔ بیورو نے 2023کے دوران 600 سے زائد گمشدہ بچوں کو ان کے والدین کی تلاش کے بعد والدین تک پہنچایا، بیورو نے تشدد اور زیادتی کا شکار 200 سے زائد بچوں کو تحویل میں لیا۔
سارہ احمد کے مطابق چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر مجموعی طور پر 3654 کالز موصول ہوئیں جس پر 1035 بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔ سال 2023 میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ قصور اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹ راجن پور کا افتتاح کیا گیا۔
انہوں نے کہا گزشتہ سال کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، امید کرتے ہیں کہ نیا سال 2024 ہم سب کے لیے کامیاب ثابت ہوگا۔