انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی

برآمدکنندگان کی جانب سے فارورڈ پر ڈالر کی فروخت کے رحجان سےانٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا


Ehtisham Mufti January 09, 2024
فوٹو: فائل

برآمدکنندگان کی جانب سے فارورڈ پر ڈالر کی فروخت کے رحجان سےانٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا اور انٹربینک میں ڈالر کی قدر 6 پیسے کم ہوگئی۔

ڈالر کی قدر 280روپے کی سطح پر آنے کی اطلاعات پر برآمدکنندگان کی جانب سے فارورڈ پر ڈالر کی فروخت کے رحجان سے منگل کو بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

برآمدکنندگان کی جانب سے 10کروڑ ڈالر کی فروخت، جاری معاشی اصلاحات کے نتیجے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جمعرات کو ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے 700ملین ڈالر کی قسط منظور ہونے کی توقعات، پاکستان کی بہ لحاظ سرمایہ کاری عالمی سطح پر ساکھ مزید بہتر ہونے، ملٹی لیٹرل انفلوز کی آمد کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں سپلائی میں بہتری آئی۔

کاروباری دورانیے کے دوران ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 38پیسے کم ہوکر 280روپے 90پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن درآمدی ادائیگیوں کی ڈیمانڈ اور مارکیٹ فورسز کی خریداری سرگرمیوں سے سے کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 6پیسے کمی سے 281 روپے 22پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں عمرہ زائرین، بیرونی ملک پڑھنے والے طالبعلموں کی فیسوں اور طبی نوعیت کی ڈیمانڈ قدرے بڑھنے سے طلب ورسد متوازن رہا جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ بغیر کسی تبدیلی کے 282روپے 34پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں