بھارت سے مذاکرات ہائی کمشنرعبدالباسط پاکستان پہنچ گئے

عبدا لباسط نے وزیراعظم نوازشریف کے دورہ بھارت کے حوالے سے ’’ان ہاؤس بات چیت‘‘ بھی کی۔


شائق حسین May 31, 2014
سرتاج عزیز، طارق فاطمی، اعزازچوہدری سے ملاقات کی۔ فوٹو: فائل

بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط ، وزیراعظم محمد نوازشریف اور دیگر اعلیٰ حکام کو پاک بھارت تعلقات اور وزیراعظم کے حالیہ دورہ بھارت کے بعد کے معاملات پر بریفنگ دینے کیلیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ جمعے کو وزارت خارجہ میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے مشیر برائے قومی سلامتی وامورخارجہ سرتاج عزیز سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں ۔ وزارت خارجہ کے حکام کے مابین پاک بھارت تعلقات اور بالخصوص وزیراعظم نوازشریف کے دورہ بھارت کے حوالے سے ''ان ہاؤس بات چیت'' بھی ہوئی ۔ اس اہم بات چیت میں بھارت کیساتھ بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ اگلے ماہ (جون) میں ملاقات کرینگے اور پاک بھارت دو طرفہ مذاکرات کی باضابطہ بحالی پر بات چیت کرینگے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کا خواہاں ہے اور اس کی خواہش ہے کہ اگلے چند ماہ میں بھارتی حکام کیساتھ تمام متنازع معاملات پر بامعنی بات چیت ہو۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ہائی کمشنر عبدالباسط وفاقی دارالحکومت میں چند دن قیام کرینگے اور اگلے ہفتے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کرکے ان کو انکے دورہ بھارت کے بعد کی صورت حال اور بھارتی دارالحکومت میں ملنے والے ''فیڈ بیک'' سے آگاہ کرینگے۔ ایک ٹی وی کے مطابق عبدالباسط نے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری سے بھی ملاقاتیں کیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں