کراچی میں لاپتہ بلوچوں کیلیے احتجاج پر گرفتار 15 افراد ضمانت پر رہا
عدالت نے 25 گرفتار افراد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
شہر قائد کے علاقے لیاری میں بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلیے مظاہرہ کرنے والے 35 میں سے 15 افراد کو عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے اسلام آباد میں لاپتہ افراد کے لیے مظاہرہ کرنے والے بلوچ یکجہتی کونسل سے اظہار یکجہتی کیلیے لیاری میں احتجاج کرنے والے 35 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
حراست میں لیے گئے مظاہرین کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جج نے گرفتار 35 افراد میں سے 15 کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے 25 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں چاکیوڑہ پولیس نے 15 جبکہ کلاکوٹ تھانے نے 25 گرفتار افراد کو پیش کیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے 15 افراد کو ضمانت پر رہا کردیا، عدالت نے 25 افراد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ واضح رہے کہ لیاری میں جمعے کو لاپتہ افراد کی رہائی کیلئے احتجاج کیا گیا تھا۔