کراچی میں سائن بورڈز ہورڈنگز فلائی اوورز سے سیاسی بینرز ہٹانے کا حکم

اس شہر کو جنگل مت بنائیں جائیں جاکر اپنی ذمہ داری پوری کریں، جسٹس ندیم اختر


کورٹ رپورٹر January 18, 2024
اس شہر کو جنگل مت بنائیں جائیں جاکر اپنی ذمہ داری پوری کریں، جسٹس ندیم اختر

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی بھر کی شاہراہوں سے سائن بورڈز، ہورڈنگز، فلائی اوورز اور پیڈیسٹیرین برجز سے تمام سیاسی بینرز ہٹانے جبکہ انتظامیہ کو تصاویر آویزاں کرنے والے سیاس رہنماؤں کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو شہر میں عوامی مقامات پر بل بورڈز،ہورڈنگز پر پابندی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس ندیم اختر نے کے ایم سی اور کنٹونمنٹس وکلا سے مکالمہ میں کہا کہ اس شہر کو جنگل مت بنائیں جائیں جاکر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

کنٹونمنٹ کے وکیل نے مؤقف دیا کہ ہم کارروائی کررہے ہیں ان میں کچھ رکاوٹیں آرہی ہیں۔

عدالت نے اس مؤقف پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر کام نہیں کرسکتے تو بند کردیں کنٹونمنٹ۔

عدالت نے کراچی بھر سے سائن بورڈز، ہورڈنگز، فلائی اوورز اور پیڈیسٹیرین برجز سے تمام سیاسی بینرز ہٹانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیئے کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز پر جس سیاسی رہنما کی تصویریں ہوں اس کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن اور شہری انتظامیہ کو تصاویر آویزاں کرنے والے سیاسی رہنماؤں کیخلاف کارروائی کرنے کا بھی حکم دیدیا۔

جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس میں کہا کہ ہم شہر میں آنے والوں کو کیا بتانا چاہتے ہیں یہ مہذب لوگوں کا شہر ہے یا جنگل ہے؟

عدالت عالیہ نے شہر بھر سے تمام بل بورڈز اور ہورڈنگز ہٹا کر 31 جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے 2016 میں بل بورڈز، ہورڈنگز پر پابندی کا فیصلہ دیا تھا۔ پابندی کے باوجود پبلک مقامات پر بل بورڈز لگائے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں