جذباتی نشوونما
ذہنی پختگی کے لیے تعمیری سوچ، تخلیقی عناصر، دلچسپ مشاغل، جسمانی مشقیں اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے
جذباتی نشوونما انسانی ترقی کا ایک بنیادی پہلو ہے، جس میں جذباتی ذہانت، لچک اور خود آگاہی کی پختگی شامل ہے۔ جذباتی نشوونما ذہنی پختگی کا نام ہے، جو رویوں اور اظہار میں توازن پیدا کردیتی ہے۔
جذباتی استحکام کے تین مراحل ہیں۔ پہلا مرحلا پرورش کا ہے جب والدین بچے کو محبت، اعتبار، تعاون اور مل جل کر رہنے کا سلیقہ سکھاتے ہیں۔ دوسرا مرحلہ فرد کے اپنے مشاہدے اور تجربات کا ہے۔ آخر میں زندگی کی مشکلات و مصائب اسے صبر و برداشت سکھاتے ہیں۔
زندگی کی مشکلات کے ذریعے انسان کو مختلف تجربات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو اس کی جذباتی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سوجھ بوجھ کے اس سفر میں جذبات کو سمجھنا، ہمدردی کو فروغ دینا اور مشکلات سے ہم آہنگ ہونا شامل ہے۔ جذباتی نشوونما کا مرکز جذباتی ذہانت کی نشوونما ہے، جس میں اپنے جذبات کو پہچاننا، سمجھنا اور مؤثر طریقے سے ان کا اظہار کرنا شامل ہے۔
دوسروں کے جذبات کو سمجھنا اور ان پر اثر انداز ہونا وغیرہ اسی سلسلے کی اہم کڑی ہیں۔ بالغ ہوتے ہی فرد، خوشی اور محبت سے لے کر اداسی اور غصے تک کے جذبات سے آشنا ہونے لگتے ہیں، ان جذبات میں توازن پیدا کرنا کامیاب زندگی کی ضمانت بنتا ہے۔
موجودہ دور میں سماجی انتشار فرد کی جذباتی ناپختگی کو ظاہرکر رہا ہے۔ گھرکا بکھرتا شیرازہ، خاندانی جھگڑے، اداروں کی غیرفعالیت اور معاشی و سیاسی عدم استحکام اس بات کا گواہ ہے کہ فقط تعلیم جذباتی استحکام پیدا نہیں کرتی بلکہ ذہنی بالیدگی تربیت سے حاصل ہوتی ہے۔ تعلیمی ادارے ہوں یا گھر تربیت کا خلا واضع طور پر نظر آرہا ہے۔
انسان کی فطرت میں لچک کا ہونا، جذباتی نشوونما کا ایک اور اہم جز ہے، جو مشکلات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ مشکلات اور ناکامیوں کا سامنا کرنے کے ذریعے، انسانی مزاج میں لچک پیدا ہوتی ہے لٰہذا ہم، تناؤ سے نمٹنا سیکھتے ہیں اور بدلتے ہوئے حالات کو اپناتے ہیں۔ یہ تجربات ایک مضبوط جذباتی بنیاد کو تشکیل دیتے ہیں۔
خود آگاہی جذباتی نشوونما میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ افراد اپنے خیالات، احساسات اور طرز عمل میں بصیرت حاصل کرتے ہیں۔ اندرکی آنکھ کی فعالیت، ذات کی عکاسی کرنے کے ساتھ، ذاتی طاقت اورکمزوریوں کو سمجھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ بصیرت حالات کو گہرائی سے سمجھنے، ذاتی ترقی میں سہولت فراہم کرنے اور باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ مزید برآں، خود آگاہی صداقت کو فروغ دیتی ہے۔
انسان کی ذات میں اگر دوسروں کے لیے احساس نہ ہو تو سماج تضادات کا شکار ہو جاتا ہے۔ ہمدردی، دوسروں کے جذبات کو سمجھنے اور بانٹنے کی صلاحیت، جذباتی نشوونما کا سنگ بنیاد ہے۔ ہمدردی کو فروغ دینے میں جو رویہ اہم ہے وہ مختلف نقطہ نظرکو پہچاننا اور اپنے آس پاس کے لوگوں کے جذبات سے جڑنا ہے۔ یہ رویہ نہ صرف باہمی تعلقات کو مضبوط کرتا ہے بلکہ برادریوں کے اندر باہمی ربط اور ہمدردی کے احساس کو بھی فروغ دیتا ہے۔
زندگی کے مثبت اور منفی تجربات، جذباتی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مثبت تجربات، جیسے کامیابیاں اور بامعنی روابط، تکمیل اور جذباتی بہبود کے احساس کو پروان چڑھاتے ہیں۔ اس کے برعکس، مشکل حالات سیکھنے سمجھنے اور ترقی کے مواقع فراہم کرتے ہیں، لچک کو فروغ دیتے ہیں اور واضع نقطہ نظر عطا کرتے ہیں۔
جذباتی نشوونما، صبر اور وسیع سمجھ اجتماعی طور پر افراد کو انسانی رشتوں کی پیچیدگی کو حل کرنے کے لیے بااختیار بناتی ہے۔ جیسے جیسے افراد جذباتی طور پر پختہ ہو جاتے ہیں، وہ اپنے جذبات کو پہچاننے اور ان کو منظم کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ صبر یا فطرت کا ٹہراؤ پرجوش رد عمل کو روکتا ہے اور آزمائش میں لچک کے احساس کو فروغ دیتا ہے۔
یہ رواداری، ہمدردی اور انسانی فطرت میں موجود تنوع کو فروغ دیتا ہے۔ ذاتی تعلقات میں، جذباتی ترقی بہتر مواصلات، تنازعات کے حل اورگہرے روابط کے قیام کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔ صبر وہ وسیلہ بن جاتا ہے جو رشتوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے، جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنے اور ایک ساتھ بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔
وسیع سوچ ایک معاون ماحول کی تعمیر کرتی ہے، ایک ایسے ماحول کو فروغ دیتی ہے، جو پرسکون اور کارآمد ثابت ہوتا ہے، وہ قائدین جو جذباتی نشوونما سے گزر چکے ہیں، وہ اپنی ٹیم کے ارکان کو سمجھنے اور ان کے ساتھ جڑنے کے لیے بہتر طریقے سے آراستہ ہوتے ہیں، ایک مثبت اور نتیجہ خیزکام کے ماحول کو فروغ دیتے ہیں۔
کام کی جگہ پر صبر کامیابیوں کو فروغ دینے اور مشکلات کو مثبت طریقہ کارکے ساتھ حل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ جذباتی نشوونما، صبر اور وسیع فہم مثبت رویہ تشکیل کرتے ہیں جو افراد کو مکمل اور ہم آہنگ زندگی کی طرف راغب کرتا ہے۔
منفی رویے اور ناپختہ سوچ کئی حادثات کا پیش خیمہ بن جاتی ہے۔ ضدی بچہ جو پڑھائی سے بھاگتا ہو، ڈانٹ ڈپٹ یا مار سے راہ راست پر نہیں آسکتا، اگر وہ وقتی طور پر اچھا بن بھی جاتا ہے مگر وہ کسی نہ کسی غلط رویے میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ اسے اپنے مثبت رویے سے قائل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک نوجوان جو بری عادات کا شکار ہے اسے نفرت یا نصیحت اپنے مرکز پر واپس نہیں لا سکتی، وہ کسی منفی رویے، تسلط یا دباؤ سے فرار چاہتا ہے، جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔
ذہنی پختگی کے لیے تعمیری سوچ، تخلیقی عناصر، دلچسپ مشاغل، جسمانی مشقیں اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔ جذباتی نشوونما ایک متحرک اور زندگی بھرکا عمل ہے، جس میں جذباتی ذہانت، لچک، خود شناسی اور ہمدردی کی نشوونما شامل ہے۔