ساحلی علاقوں میں نہری پانی کی شدید قلت ہزاروں ایکڑ رقبے پر فصلیں تباہ

شہریوں کے مظاہرے و ریلیاں، پینے کیلیے بھی پانی میسر نہیں، لوگ نقل مکانی کرنے لگے، نہروں کی صفائی کرانے کا مطالبہ


Express News Desk June 03, 2014
شہریوں کے مظاہرے و ریلیاں، پینے کیلیے بھی پانی میسر نہیں، لوگ نقل مکانی کرنے لگے، نہروں کی صفائی کرانے کا مطالبہ. فوٹو: اے ایف پی / فائل

شاہ بندر کے ساحلی علاقے میں میٹھے پانی کی قلت، نہروں کی صفائی نہ ہونے سے ہزاروں ایکڑ رقبے پرفصلیں پانی نہ ملنے کے باعث تباہ ہونے لگیں۔

شاہ بندر کے دوردراز علاقوں میں پینے اور غسل تک کے لیے بھی پانی میسر نہیں جس کے خلاف انڈس ڈیلٹا پیپلز فورم شاہ بندر نے امیر بخش جاٹ، مظفر شاہ، غلام مصطفی، نظیر شاہ لکیاری و دیگر کی قیادت میں کمیونٹی ہال سے مدنی چوک تک ریلی نکالی اور احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ساحلی علاقے پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں جس کے باعث زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، یہاں تک کہ اگر علاقے میں کوئی فوت ہوجاتا ہے تو میت کو غسل دینے تک کے لیے پانی میسر نہیں ہوتا۔

شاہ بندر کے عوام کی گزر بسر زراعت پرہے۔نہری پانی نہ ملنے کی وجہ سے لوگ نقل مکانی پر غور کر رہے ہیں۔ پانی کی قلت نے تھرجیسی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماچھکی نہر کی صفائی کروائی جائے اور پانی فراہم کیا جائے، تاکہ شاہ بندر کی زراعت کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔ انڈس ڈیلٹا پیپلز فورم پانی کے حوالے سے جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے چیف انجینئر آبپاشی سے مطالبہ کیا کہ ساحلی علاقوں میں نہری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں