پاکستان کو آئندہ چند سالوں تک آئی ایم ایف کی ضرورت ہوگی فچ
امید ہے کہ الیکشن کے بعد نئی حکومت بہتر معاشی پالیسیز لائیں گی، عالمی کریڈٹ ایجنسی
بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی 'فچ' کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آئندہ چند سالوں تک آئی ایم ایف پروگرام کی ضرورت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق فچ کی جانب سے ایشیائی معیشت سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں رہنے سے پاکستان کی ریٹنگ مزید بہتر ہوسکتی ہے۔
رپورٹ میں کہاگ یا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کے بعد پاکستان کی ریٹنگ بہترکی گئی تھی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان سمیت بہت سے ایشیائی ممالک میں 2024 انتخابات کا سال ہے، الیکشن کے باعث کئی ممالک غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہیں، امید ہے کہ الیکشن کے بعد نئی حکومتیں بہتر معاشی پالیسیز لائیں گی۔
فچ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، کوریا اور سری لنکا میں الیکشن ہونا باقی ہیں، الیکشن کے سال میں اصلاحات کا عمل سست روی کا شکار ہوجاتا ہے، الیکشن کی وجہ سے ممالک کیلیے قرضوں کا حصول بھی مشکل ہوجاتا ہے۔
عالمی کریڈٹ ایجنسی نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا آئی ایم ایف سے مزید معاشی تقویت حاصل کرے گا اس کے علاوہ فچ نے کہا ہے کہ 2024 کے دوران عالمی سطح پر شرح سود اور مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو بنیادی شرح سود میں تین بار کمی کرسکتا ہے، جس کا آغاز رواں کے وسط سے ہوگا، اور 2024 کے آخر تک شرح سود تقریباً 4.75 فیصد تک آجائے گی۔