محمد حفیظ کے کنٹریکٹ میں فوری توسیع کا معاملہ لٹک گیا
پی سی بی کی ڈائریکٹر قومی ٹیم کو انتظار کرنے کی ہدایت
قومی ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کے کنٹریکٹ میں فوری توسیع کا معاملہ لٹک گیا۔
پی سی بی نے محمد حفیظ کو ابھی مزید انتظار کرنے کی ہدایت کردی۔ لاہور آمد کے بعد محمد حفیظ نے پی سی بی کے قائم مقام سربراہ اور الیکشن کمشنر شاہ خاور سے ملاقات کی، اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے شاہ خاور کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ٹیم ناکامیوں کی وجوہات سے آگاہ کیا اور مستقبل میں بہتری لانے کی تجاویز بھی دیں۔
اس موقع پر محمد حفیظ نے اپنے ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں توسیع کے حوالے سے بھی بات کی۔ ایک ماہ کا محمد حفیظ کا کنٹریکٹ ختم ہو چکا ہے، ابھی توسیع ہونا باقی ہے۔
بورڈ نے محمد حفیظ کو وزارت بین الصوبائی رابطہ سے گائیڈ لائنز لینے کے بعد جلد آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ وزارت آئی پی سی نے بورڈ کو طویل کنٹریکٹ دینے ڈے روک رکھا ہے، شاہ خاور سے ملاقات کے ساتھ محمد حفیظ نے سلمان نصیر سے الگ ملاقات بھی کی۔