بجٹ عوام دوست ہے حکومتی ارکان مراعات یافتہ طبقے کو نوازا گیا اپوزیشن

وفاقی بجٹ کے ثمرات جلد عوام کو ملیں گے، حمزہ شہباز،مہنگائی کے خاتمے کیلیے کوئی پلان نہیں دیا گیا، خورشید شاہ، وٹو


Express Report June 04, 2014
بیروزگاری اور مہنگائی بڑھے گی، سراج الحق، بجٹ میں کوئی قابل تعریف بات نہیں، شیخ رشید، ق لیگ کا مظاہروں کا اعلان فوٹو: فائل

حکومتی ارکان نے وفاقی بجٹ 2014-15ء کو متوازن جبکہ اپوزیشن ارکان نے بجٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔

مسلم لیگ (ن ) کے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہاکہ بجٹ کے ثمرات جلد عوام کو ملیں گے۔ ن لیگ کے ہی رکن قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ بجٹ میں ہر طبقہ فکر کی ضروریات کا خاص خیال رکھا گیا۔ وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید اور وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا کہ وفاقی بجٹ متوازن اور عوام دوست ہے۔ حکومت نے کسان دوست بجٹ پیش کر کے زراعت کے شعبے کی ترقی کی جانب ایک اور قدم اٹھایا ہے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ بجٹ الفاظ کا ہیرپھیر ہے۔ مہنگائی کے خاتمے کیلیے کوئی پلان نہیں دیا گیا۔

پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا کہ بجٹ غریب کش ہے۔پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو اور سیکریٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بجٹ کو غریب کش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں مٹھی بھر مراعات یافتہ طبقے کو نوازا گیا ہے۔ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی بڑھے گی۔ جمعیت علمائے پاکستان کے صدر پیر اعجاز ہاشمی نے وفاقی بجٹ کو غریب مکاؤ بجٹ قرار دیا۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ بجٹ سے عوامی مسائل میں اضافہ ہو گا۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے وفاقی بجٹ کو مجموعی طور پر متوازن قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ (ق ) پنجاب نے وفاقی بجٹ کو صدی کا سب سے بڑا ہیر پھیر قرار دیتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ ق لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر بشارت راجہ و دیگر نے کہا کہ سرمایہ داروں کی حکومت نے صرف سرمایہ داروں کو تحفظ دیا۔ غریب کیلیے اس بجٹ میں کچھ نہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ بجٹ میں کوئی قابل تعریف بات نہیں ہے۔آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا کہ بجٹ کو غریب اور کسان دوست نہیں کہا جا سکتا۔ مسلم لیگ (زیڈ ) کے سربراہ اعجازالحق نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کو مدنظر رکھ کر اضافہ نہیں کیا گیا۔ تحریک انصاف کی اراکین قومی اسمبلی نفیسہ خٹک اور عائشہ گلالئی نے کہاکہ بجٹ جھوٹ کا پلندہ ہے۔اے این پی کے رکن قومی اسمبلی امیر حیدرخان ہوتی نے کہا کہ بجٹ ہماری توقعات کے برعکس ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں