سولر پینل منی لانڈرنگ اسکینڈل ماسٹر مائنڈ مزاحمت کے بعد گرفتار

ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ٹیم نے کسٹم کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا


Ehtisham Mufti February 02, 2024
رب نواز کیخلاف 80 ارب روپے سے زائد مالیت کی منی لانڈرنگ کے مقدمات درج ہیں—فائل فوٹو

ایف بی آر کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلئیرنس آڈٹ کسٹمز کو سولر پینل منی لانڈرنگ اسکینڈل میں نامزد گروہ کے افراد کی گرفتاری میں زبردست مزاحمت کا سامنا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلئیرنس آڈٹ کسٹمز ساؤتھ کراچی ڈائریکٹر شیراز احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ جمعرات کو بھی سولر پینل کی درآمدات کی آڑ میں 80ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم رب نواز کی گرفاری میں مزاحمت کا سامنا رہا تاہم ٹیم نے طویل جدوجہد کے بعد کسٹم کورٹ کراچی کے احاطے سے ملزم رب نواز کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

ڈائریکٹر پوسٹ کلئیرنس آڈٹ ساؤتھ شیراز احمد نے بتایا ہے کہ کسٹمز پوسٹ کلئیرنس آڈٹ کی ٹیم نے کسٹمز کورٹ میں سماعت کے بعد ایک اور مقدمے میں ملزم رب نواز کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ٹیم سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: درآمدی سولر پینل کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی نشاندہی کرنیوالے تحقیقاتی افسران کو دھمکیاں

انھوں نے بتایا کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کیلیے کسٹمز کی عدالت کے احاطے میں کئی گھنٹے موجود رہا جبکہ کسٹم پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی ٹیم ملزم رب نواز کو گرفتار کرنے کیلیے کسٹمز کورٹ کے باہر موجود ہے۔

ڈائریکٹر پی سی اے نے بتایا کہ اس دوران ملزم رب نواز کی جانب سے کسٹم عملے کو دھمکیاں بھی دی گئیں اور عدالت کے باہر اس کے مسلح گارڈز بھی موجود رہے۔ ڈائریکٹر پی سی اے نے بتایا کہ ملزم رب نواز کے وکلا کی کسٹم حکام سے تکرار بھی ہوئی۔

ڈائریکٹر پی سی اے کے مطابق ملزم رب نواز کے خلاف 80 ارب روپے سے زائد مالیت کی منی لانڈرنگ کے مقدمات درج ہیں ، انکا کہنا ہے کہ ملزم رب نواز سولر پینل کی درآمدات کی آڑ میں منی لانڈرنگ کا ماسٹر مائنڈ ہے اور ملزم کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔