روحانی دوست

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ


علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

صائم المصطفے صائم
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ:
دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں۔
اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!
اول طریقہ تاریخ پیدائش:
مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔
ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے، یعنی باہم جمع کیجیے:
1+2+7+1+9+9=29
29 کو بھی باہم جمع کریں (2+9) تو جواب 11 آئے گا۔
11 کو مزید باہم جمع کریں (1+1)
تو جواب 2 آیا یعنی اس وقت تک اعداد کو باہم جمع کرنا ہے جب تک حاصل شدہ عدد مفرد نہ نکل آئے۔ پس یعنی آپ کا لائف پاتھ عدد/نمبر ہے۔
گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔
اور طریقہ دوم میں:
سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے
مثلاً نام ''احسن '' والدہ کا نام '' شمسہ'' والد کا نام '' راشد۔''
حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:
1 کے حروف (ا،ء ،ی،ق،غ) ، 2 کے حروف (ب،ک،ر) ، 3 کے حروف (ج،ل،ش) ، 4 کے حروف (د،م،ت) ، 5 کے حروف(ہ،ن،ث) ، 6 کے حروف (و،س،خ) ، 7 کے حروف (ز،ع،ذ) ، 8 کے حروف (ح،ف،ض) ، 9 کے حروف (ط،ص،ظ) ، احسن کے نمبر (1،8،6،5)
تمام نمبروں کو مفرد کردیں:(1+8+6+5=20=2+0= 2 )
گویا احسن کا نمبر2 ہے۔ایسے ہی احسن کی والدہ ''شمسہ'' کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے۔
اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا:
(2+9+1=12=1+2=3)
گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ
5 تا 11فروری 2024
پیر 5 فروری2024
آج کا حاکم عدد8 ہے ایک ایسا دن جو آپ سے صبر، استقامت اور مشقت کا تقاضا کرتا ہے۔ ممکن ہے کچھ اندرونی اور بیرونی ایسے حالات سے گزرنا پڑے جو آپ کو اداس کردیں، ہمت سے کام لینا ہوگا! آپ کی تاریخ پیدائش میں اگر 2،3،4،6،7اور 8 خصوصاً 7 کا عدد یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ع، ز یا ذ ہے تو آج کا دن آپ کے لیے بہتر دن ہوسکتا ہے، لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،5 اور9 خصوصاً 5کا عدد یا پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ،ث یا ن ہے تو آپ کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔
صدقہ: 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں،کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِ صدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔ اسمِ اعظم ''یارحیم، یارحمٰن یااللہ'' 11 بار یا 200 بار اول وآخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔
منگل 6 فروری 2024
آج کا حاکم عدد7 ہے۔ ایسا دن جو دل کی آواز پر لبیک کا تقاضا کرتا ہے، کوشش کریں کہ زیادہ سوچ بچار سے کام نہ لیں، مراقبہ اور سکون کے لیے بہتر اور معاون دن ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،4،5،7،8 اور9 خصوصاً 8 کاعدد ہے یا آپ کی پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلا حرف ح،ف یا ض ہے تو آپ کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2 اور خصوصاً 6 یا پیدائش کا دن جمعہ ہے یا نام کا پہلا حرف و،س یا خ ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذورسیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔ وظیفۂ خاص ''یاغفار، یاستار، استغفراللہ العظیم'' 9 یا 90 بار اول وآخر11 بار درود شریف پڑھنا بہتر ہوگا۔

بدھ 7 فروری 2024
آج کا حاکم عدد 4 ہے۔ ایسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں جس کی توقع نہ تھی، سوچ اور سمجھ سے ماورا واقعات ظہور پذیر ہوسکتے ہیں الٹ پلٹ ہوسکتی ہے۔ 1،2،3،6،7 اور8 خصوصاً 2 کا عدد یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ب، ک یا ر ہے تو آپ کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4،5 اور9 خصوصاً 9 یا پیدائش کا دن منگل یا نام کا پہلا حرف ص، ط یا ظ ہے تو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔
صدقہ: زرد رنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کو دینا بہتر ہے، تایا، چچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔ وظیفۂ خاص ''یاخبیرُ، یاوکیلُ، یااللہ'' 41 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔
جمعرات 8فروری 2024
آج کا حاکم عدد 3 ہے۔ ایک نئی صورت حال جو کہ ممکنہ طور پر کل سے مختلف ہوگی، آگے بڑھنے، ترقی اور صحت کی بہتری کے امکانات متوقع ہیں۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 2،3،4،7،8 اور9 خصوصاً 3کا عدد یا پیدائش کا دن جمعرات ہے یا نام کا پہلا حرف ج، ل یا ش ہے تو آپ کے لیے بہتر دن ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،5اور6 خصوصاً 5 کا عدد یا پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ، ن یا ث ہے تو اندیشہ ہے کہ کچھ امور میں آپ کو مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: میٹھی چیز، 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے، مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔ وظیفۂ خاص ''سورۂ فاتحہ 7 بار یا یاقدوس، یاوھابُ، یااللہ'' 21 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔

جمعہ 9 فروری 2024
آج کا حاکم عدد7 ہے۔ ایک ایسا دن جو آپ سے جو کچھ نظر آرہا ہے اس سے بے نیاز ہونے کا تقاضا کرسکتا ہے، آپ کو اپنی تلاش کی خواہش ہوسکتی ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،4،5،7،8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلاحرف ح، ف یا ض ہے تو آپ کے لیے بہتری کی امید ہے لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش 1،2 اور6 کا عدد خصوصاً1 یا پیدائشی دن اتوار یا جن کے نام کا پہلا حرف ا،ی یا غ ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
صدقہ: 60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا6 کلو چینی۔ سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔
وظیفۂ خاص ''سورۂ کہف یا یاودود، یامعید، یااللہ'' 11 بار ورد کرنا بہتر ہوگا۔

ہفتہ 10فروری 2024
آج کا حاکم عدد1 ہے۔ تخت سے منسلک یا تخت کی خواہش مندوں کے لیے مشقت اور مشکل دن ہوسکتا ہے، کوئی بڑا نام داغ دار ہوسکتا ہے کسی مشکل میں پڑسکتا ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،4،5،6 اور9 خصوصاً 5 کا عدد یا پیدائشی دن بدھ یا نام کا پہلا حرف ہ، ن یا ث ہے تو آپ کے لیے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،7اور8 خصوصاً 3 کا عدد یا پیدائشی دن جمعرات یا نام کا پہلا حرف ج، ل یا ش ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
صدقہ: 80 یا 800 روپے یاکالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذور یا عمررسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔
وظیفۂ خاص ''یافتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللہ'' 80 بار اول و آخر 11 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا۔

اتوار 11فروری 2024
آج کا حاکم نمبر4 ہے۔ کل کی مشکلات کا بظاہر تسلسل لیکن ایسی صورت حال جو گمان میں نہ تھی سامنے آسکتی ہے ، کل کا جاںنثار آج کا جانی دشمن ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،3،6،7 اور8 خصوصاً 2 کا عدد یا جن کا پیدائشی دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ب، ک یا ر ہے تو آپ کے لیے ایک اچھے دن کی امید ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4،5 اور9 خصوصاً 9 عدد یا جن کا پیدائشی دن منگل ہے یا نام کا پہلا حرف ص، ط یا ظ ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: 13 یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل،کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔
وظیفۂ خاص ''یاحی، یاقیوم، یااللہ'' 13 یا 100 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں