بُک شیلف

ادبی کتابوں کا دلچسپ مجموعہ


جانیے دلچسپ کتابوں کے احوال۔ فوٹو: فائل

قرآن حکیم، فلسفہ حسن و حیات
مصنف: اقبال سید حسین، قیمت: 700 روپے
صفحات: 344، ملنے کا پتہ : ادبستان، پاک ٹاور ، کبیر سٹریٹ، اردو بازار، لاہور
رابطہ نمبر: (03004140207)


قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے جو انسانوں کی ہدایت اور رہنمائی کیلئے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر نازل کیا گیا ۔ اللہ تعالیٰ کے کلام سے محبت اور اسے سیکھنے کی کوشش کرنا ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے ، اسی لئے مسلم اکابرین اور علماء نے اس کا خصوصی اہتمام کیا اور مدارس اور مساجد کے ذریعے یہ فریضہ سرانجام دیا ۔

قرآن مجید میں علم کی اتنی جہتیں ہیں کہ انسانی عقل حیران رہ جاتی ہے ، ہر دانشور نے جب بھی قلم اٹھانے کی سعادت حاصل کی علم کے نئے زاویے سامنے آئے ہیں ۔ مصنف نے قرآن کے حوالے سے جس انداز میں قلم اٹھایا ہے اس سے بھی انسانی رشد و ہدایت کے نئے در وا ہوئے ہیں ۔

اس کتاب کے حوالے سے مصنف کہتے ہیں '' سائنس اور فلسفہ کے جدید دور میں جہاںنت نئی ایجادات اور نظریات اور تحقیقات تیزی سے جنم لے رہی ہیں ، ایک پندرہ سو سالہ پرانی کتاب قرآن مجید پر قلم اٹھانا اور اس کا عقلی اور عملی دلائل کے ساتھ تجزیہ کرنا ایک انتہائی لطیف اور دقیق مرحلہ تھا جسے اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس کتاب قرآن حکیم فلسفہ حسن و حیات کی صورت مرتب کرنے کی سعادت بخشی ۔ اگرچہ آغاز میں ارادہ اپنی پہلی کتاب قرآن اور جدیدیت انگریزی کو اردو میں منتقل کرنا مقصود تھا ۔

لیکن قلم اٹھانے کی دیر تھی کہ اتنے نئے دریچے کھلنے شروع ہوئے کہ انھوں نے کتاب کا رخ موڑ دیا ۔ جدید انکشافات سائنس اور فلسفہ کے مترشح موضوعات اور قرآن مجید کی خود عقلی اور مدلل تشریحات کے باعث ایک نئی کتاب قرآن فلسفہ حسن و حیات وجود میں آ گئی ۔

موجودہ دور میں جبکہ حالات نہایت تیزی سے تغیر پذیر ہیں اور قرآن اور اسلام خصوصاً مغربی اقوام کی یلغار میں دبے ہوئے ہیں ، ایک ایسی کتاب لکھنا جو اعتراضات اور حملوں کا جواب مدلل طریق میں سائنس اور فلسفہ کے حوالے سے دے سکے وقت کی ضرورت تھی ۔'' کتاب کو موضوعات کے اعتبار سے چوبیس عنوانات کے تحت تقسیم کیا گیا ہے ۔

چند عنوانات جیسے قرآن کی حسن کاری اور تخلیق کاری ، مذہب سائنس اور فلسفہ کا مشترکہ سفر ، قرآنی نظریہ کون و مکاں، پیمائش زمان و مکاں، مقام ذکر مقام فکر، سائنس کے انکشافات اور قرآن ، قرآن اور سائنس کی روشنی میں دل و دماغ کے ارتقائی مراحل سے پتہ چلتا ہے کہ مصنف کن جہتوں پر روشنی ڈالنا چاہتے ہیں ۔ بہت مفید کتاب ہے ، علم کے متلاشیوں کو ضرور پڑھنی چاہیے ۔ مجلد کتاب کو خوبصورت سرورق کے ساتھ شائع کیا گیا ہے ۔

انسان کی تلاش
مصنف : اقبال سید حسین، قیمت : 500 روپے، صفحات : 202
ملنے کا پتہ : ادبستان، پاک ٹاور ، کبیر سٹریٹ، اردو بازار، لاہور
رابطہ نمبر: (03004140207)


اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اس کا یہ شرف اس کے علم کی وجہ سے ہے اور پھر اسے زمین پر اپنا نائب قرار دیا ۔

اب یہ خاکی اللہ کا نائب کیسے ہو سکتا ہے جب تک وہ خود کو اس قابل نہ بنائے کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ ہم میں سے انسانوں کی ایک بہت بڑی تعداد ایسی ہے جو اپنے کردار اور شیطانی حرکات کی وجہ سے انسان کہلائے جانے کے قابل بھی نہیں ہے ۔

اللہ تعالیٰ اسی لیے انسان کی رہنمائی کیلئے پیغمبر مبعوث فرمائے اور ان کے ذریعے اپنا پیغام انسانوں تک پہنچایا تاکہ وہ شیطان کے بہکاوے میں نہ آئیں ۔ زیر تبصرہ کتاب کا عنوان ایسا ہے کہ پڑھتے ہی ذہن میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ مصنف انسانوں کی دنیا میں انسان کیوں تلاش کرنا چاہتا ہیں ۔

ذرا فکر کریں تو پتہ چلتا ہے کہ اصل میں وہ ہر فرد کو ایسا دیکھنا چاہتے ہیں جو انسان کی کسوٹی پر پورا اترے ، اسی مقصد کے لئے انھوں نے علم کی یہ شمع جلائی ہے کہ اندھیرے میں اجالا ہو سکے ۔ مصنف لکھتے ہیں '' احسن تقویم'' کے تصور کو جامہ تعبیر پہنانا ہی اس کتاب کا موضوع سخن ہے ۔ یہ ایک ایسا سانچہ ہے جس میں انسان کو ڈھالا گیا اور اس کے نقش و نگار کو عیاں کیا گیا ہے ۔ ان خدوخال میں رنگ بھرنا ہی ہمارا مقصود ہے ۔

ان رنگوں کا ابھار ہی اس مفہوم اور ماہیت کو اجاگر کر سکتا ہے جو آدم کو جنت میں میسر تھیں اور اب وہ اس زمین کو جنت نظیر بنانے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ لیکن اس جدوجہد میں کامیاب وہی لوگ ہوتے ہیں جو صحیح معنوں میں انسان بننے کے متمنی اور ان خوبیوں کو اپنانے کے خواہاں ہوتے ہیں جو اس تصور میں پنہاں تھیں ۔ لیکن چونکہ آدمی جاہل اور ظالم بھی قرار دیا گیا تھا اس لیے وہ بندشیں اس کی راہ میں آڑے آتی رہیں ۔

آدمی زندگی کی غایت اور حقیقت سے بیگانہ ہوتا گیا اور وہ اصل روپ نہ دھار سکا جو احسن تقویم میں پوشیدہ تھا ۔اس لیے سب سے پہلے ہم نے اس کتاب میں انسانیت اور اس کے معنی و مفہوم پر روشنی ڈالی ہے اس کے ساتھ ہی ان خوبیوں کی وضاحت کی ہے جو امن و سکون ، عدل و انصاف اور مساوات کے لیے ضروری ہیں ۔

اگرچہ موضوعات پر مختلف پہلوئوں سے بحث و گفتگو ہوتی رہتی ہے لیکن انھیں جامہ تعبیر پہنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں شاذو نادر ہی ہوتی ہیں ۔ ان کوششوں کو تیز تر کرنے کے لیے ہم نے یہ کتاب لکھی تاکہ ہماری زندگی ان خوبیوں اور صفات سے مزین ہو سکے جو احسن تقویم کے بنیادی جزو ہیں ۔'' کتاب میں مقام انسان، زمانہ حاضر کا انسان، حکمت دین کوئی کہاں سے سیکھے؟، علم ایک تحقیقی اور جمالیاتی قوت، کیا آج کا مسلمان اسلام پر ایک بوجھ ہے؟،

انسانیت دوراہے پر، صاحب امروز کی تلاش، سفر زندگی کے راز ، کیا ہم جانوروں سے سبق حاصل نہیں کر سکتے؟ ، یورپ کے 'کافر' اور پاکستان کے 'مسلمان'، ستاروں پر جو ڈالتے ہیں کمند ، انسانیت کی سربلندی ، تعلیم امراض کی دوا ، درد دل ایک حیاتیاتی ضرورت اور خدمت خلق جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی کی گئی ہے ۔ بہت شاندار کتاب ہے نوجوان نسل کو ضرور مطالعہ کرنا چاہیے یقیناً ان کی رہنمائی کرے گی ۔ مجلد کتاب کودیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا گیا ہے ۔

جنوں اور شیطانوں کی دنیا: جادوکی حقیقت
خطرات، احتیاطی تدابیر اور علاج
مصنف : غازی عزیز مبارک پوری
صفحات : 392، قیمت : 1000روپے ، ناشر : دارالسلام انٹر نیشنل ،نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال ، لاہور ، برائے رابطہ : 042-37324034


دارالسلام کی شائع کردہ پیش نظر کتاب'' جنوں اور شیطانوں کی دنیا ، جادوکی حقیقت ، خطرات ، احتیاطی ، تدابیر اور علاج '' ایک انتہائی اہم موضوع پر لکھی گئی ہے ۔ برصغیر میں جادو کا وجود ہمیشہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے ۔

بنگال کا کالا جادو تو پوری دنیا میں آج بھی اپنا ایک امتیازی مقام رکھتا ہے۔ چونکہ پاکستان بھی ہندوستان کا حصہ رہا ہے اس لئے یہاں بھی جادوکی تمام اقسام پائی جاتی ہیں ۔ یہ جادو پہلے زیادہ تر غیر مسلم طبقہ تک ہی محدود تھا لیکن آج جادو کی وبا مسلم طبقہ میں بھی تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے ۔

ہر روز مسلم گھرانوں میں کوئی نیا واقعہ ہوتا اور سننے میں آتا ہے ۔ باہمی رشتے داریاں اعتماد اور قربت کی بجائے نفرت ، بغض اورعداوت میں بدلتی جا رہی ہیں ۔ کوئی جادو کے زور پر کسی کا کاروبار بگاڑنے اور باندھنے کے در پے ہے تو کوئی باپ کو بیٹے سے متنفر کرنے کے لیے کوشاں ، کوئی شوہر اور بیوی کے درمیان اختلافا ت پیدا کرنے کی فکر میں ہے ، تو کوئی خاندانی تنازعات کو بھڑکانے میں مصروف ہے اور ان تمام کاموں کو سر انجام دینے کے لیے شیطان نما عاملوں اور جادوگروں کی خدمات لینے میں قطعاََ کوئی تردد نہیں کیا جاتا ۔

ہمارے ملک میں بے حد دکھ بھری اور افسوسناک صورتحال دیکھنے میں آئی ہے ۔ تہذیب و تمدن اور اخلاقیات سے عاری ننگ دھڑنگ ، بے عمل اور بے دین لوگوں نے جگہ جگہ سادہ ، معصوم اور ضعیف العقیدہ لوگوں کو لوٹنے اور ان کے خون پسینے کی کمائی اینٹھنے کے لیے پھندے لگا رکھے ہیں ۔ لوگوں کو ان پھندوں میں پھنسا کر نہ صرف ان کی جیبیں مختلف حیلوں بہانوں سے خالی کروائی جاتی ہیں بلکہ ان کی بہو بیٹیوں کی عصمت دری بھی کی جاتی ہے ۔

ان حالات میں ایسی کتاب کی اشد ضرورت تھی جو مسلمان گھرانوں کو جادوگروں، کا ہنوں اور جنات و شیاطین کے شر سے محفوظ فرمائے اور معصوم لوگوں کو دھوکہ بازوں اور شعبدہ بازوں کے چنگل میں بھی پھنسنے سے بچائے۔ زیرنظرکتاب ''جنوں اور شیطانوں کی دنیا، جادوکی حقیقت ، خطرات ، احتیاطی تدابیر اور علاج کتاب وسنت کی روشنی میں '' کے مصنف غازی عزیز مبارک پوری ہیں ان کا تعلق سرزمین ہندوستان سے ہے ۔ انہوں نے زیرنظرکتاب عربی زبان میں لکھی تھی ۔ کتاب کی عوام و خواص میں مقبولیت کا اندازہ اس امر سے کیا جا سکتا ہے کہ یہ کتاب تقریباََ تمام عرب، بالخصوص خلیجی ، ممالک کے طول و عرض میں بکثرت تقسیم ہوئی اور صرف چار ماہ کی قلیل مدت میں اس کا پہلا ایڈیشن ختم ہو گیا ۔

عربی زبان میں کتاب کی اشاعت و تقسیم اور پذیر ائی کے بعد سے متعدد حلقوں کی طرف سے مسلسل اصرار تھا کہ اس کتاب کا اردو اور انگریزی زبانوں میں بھی ترجمہ کیا جائے تاکہ اردوداں طبقہ بھی اس سے مستفید ہو سکے ۔ کتاب کو پانچ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے : پہلا باب جادو کی حقیقت ، اس کا حکم اور اس کے خطرات پر مشتمل ہے ، دوسرا باب : جنوں اور شیاطین کے احوال اور خطرات کے تعارف سے متعلق ہے ، تیسرے باب میں جنوں اور شیطانوں سے مقابلہ کے لیے مومنین کے ہتھیار اور بعض احتیاطی تدابیر بیان کی گئی ہیں ، چوتھا باب جنوں کی آسیب زدگی اور جادو سے خلاصی ، بعض دیگر احتیاطی تدابیر اور ان عوارض کے علاج سے متعلق ہے اور پانچویں باب میں برصغیر میں رائج جادو وغیرہ سے احتیاط اور علاج کے بعض غیرشرعی طریقوں پر بحث کی گئی ہے ۔

کتاب کی تربیت میں واقعات اور احادیث کی صحت کا بھی خصوصی لحاظ رکھا گیا ہے ۔ اس قابل قدر کتاب میں مولانا عزیز مبارکپوری نے جادو ، کہانت اور علمِ نجوم کی حرمت نیز اسلام میں ایسے افعال کے مرتکبین کے بارے میں قرآن و سنت کی روشنی میں احکامات پر بڑی تفصیل سے روشنی ڈالی ہے ۔

ایک مسلمان گھرانہ جنوںکی آسیب زدگی اور جادو کے اثرات سے کیسے محفوظ رہ سکتا ہے ؟ رشتے داریوں کو ٹوٹنے بکھرنے سے کیسے بچایا جا سکتا ہے ؟ فاضل مولف نے قرآن وحدیث کی روشنی میں ان تمام مسائل کے حل بتلانے کے ساتھ ساتھ برصغیر میں رائج جادو اور آسیب وغیرہ سے بچائو اور علاج کے بعض غیر شرعی طریقے بتلا کر نا م نہاد فقیروں پیروں اور شعبدہ بازوں کی حقیقت سے بھی پردہ اٹھایا ہے ۔

بچوں کا اسلامی انسائیکلوپیڈیا
مصنف : العربی بن رزوق
صفحات : 382 فور کلر آرٹ پیپر ، قیمت : 2625 روپے ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور برائے رابطہ : 042-37324034


پیارے نبیﷺ کا ارشاد ہے کہ ہر بچہ فطرت اسلام پر پیدا ہوتا ہے پھر اس کے والدین اسے یہودی ، عیسائی یا مجوسی بنا دیتے ہیں اس کے مقابلے میں مسلمان والدین اپنے بچوں کی تربیت اس احساس فرض کے تحت کرتے ہیں کہ نئی نسل کی تربیت کا معاملہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے نزدیک اس قدر اہم ہے کہ یہ فرض ادا کرنے والا شخص اپنے رب کے ہاں کبھی نہ ختم ہونے والے اجر اور انعامات پاتا ہے ۔

نئی نسل کی تربیت کے لیے ضروری ہے کہ ان میں دینی تعلیمات سے لگاؤ پیدا کیا جائے ۔ اس مقصد کے لیے بچوں کی ابتدا عمر ہی سے اچھی تربیت کی کوشش ضروری ہے ۔ اسی احساس کے پیش نظر دارالسلام نے بچوں کے لیے ابتدائی عمر ہی سے دینی و اخلاقی لٹریچر کی تیاری کا بیڑا اٹھایا ہے، اس سلسلے میں اردو اور انگریزی زبان میں بین الاقوامی معیار کے مطابق مختلف عمر کے بچوں کے لیے دلچسپ بامقصد اور دیدہ زیب لٹریچر تیار کیا جاتا ہے ۔

اسلامی تعلیمات پر مبنی دل نشین کہانیوں کی کتابوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ نصابی اور دیگر مفید و معین کتب کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے بچوں کی ذہنی و نفسیاتی کیفیات کا ادراک رکھنے والے دینی سوچ کے حامل ماہرین تعلیم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔'' بچوں کا اسلامی انسائیکلوپیڈیا '' اسی سلسلے کی نہایت اہم پیشکش ہے جسے ادارے کو پہلے انگریزی میں اور بعد ازاں اردو میں تیار کرنے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے ۔ اس کتاب میں حروف تہجی کے اعتبار سے بنیادی دینی تعلیمات اور اصطلاحات کو بچوں کی ذہنی سطح کے مطابق نہایت آسان اور عام فہم انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔

اگرچہ بازار بچوں کے لیے طرح طرح کی خوبصورت اور جاذب نظر کتابوں سے بھرے پڑے ہیں ۔ عام معلومات میں اضافے کی کتابوں سے لے کر مختلف علوم و فنون کے لیے انسائیکلو پیڈیا تک اور سائنسی علوم وفنون سے لے کر قوموں اور نسلوں کی برتری کے پرچار سے بھرے ہوئے بچوں کے ناولوں تک لاکھوں کی تعداد میں کتابیں موجود ہیں ۔ اگر دشوار ہے تو ایسی کتابوں کا ڈھونڈنا جو بچوں کو انسانیت کی سلامتی، امن اور ہم آ ہنگی کے ابدی اصولوں سے روشناس کرا سکیں۔

اللہ کا شکر ہے کہ دارالسلام اس میدان میں بھی اپنے حصے کا کام کیے جا رہا ہے بچوں کے لیے انتہائی دیدہ زیب ، پاکیزہ اور دلچسپ کتابوں کی ایک سیریز ہے جن میں سے ہر بچے کی لائبریری سج جاتی ہے ۔ الحمدللہ یہ کتابیں نئی نسل کو محض روایتی مسلمان کی بجائے باشعور ، صحیح معلومات سے مزین ، پرعزم ، پرجوش اور انسانی خدمت کا مخلصانہ احساس رکھنے والے نوجوانوں کی حیثیت سے پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ۔'' بچوں کا اسلامی انسائیکلوپیڈیا '' مسلمان بچوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات اور تصورات سے آ گاہ کرنے کی ایک عمدہ کوشش ہے ۔

اس میں شامل موضوعات نہایت آسان اور سلیس زبان میں حروف تہجی کی ترتیب سے پیش کیے گئے ہیں ۔ یہ معلومات حوالہ درحوالہ کے طور پر اس طرح درج کی گئی ہیں کہ پڑھنے والے کو ایک متن سے دوسرے متن کی طرف جانے کی ترغیب ملتی ہے ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ مسلمانوں کی ایک بہت بڑی تعداد ان میں سے بہت سی بنیادی باتوں کو بھول چکی ہے اور یہ بھی ایک مسلمہ امر ہے کہ مسلمانوں نے بھی ان میں سے بعض تصورات کی غلط تاریخ پیش کر کے ان کے بارے میں الجھاؤ پیدا کیا ہے۔

ان حالات میں یہ کتاب بچوں کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ مشہور انبیاء و رسل کے حالات زندگی پر بھی روشنی ڈالتی ہے ۔ اس کے علاوہ اہم تقریبات مثلاََ عیدین وغیرہ ان کے منائے جانے کے فوائد ، نیز خلفائے راشدین کی مختصر سوانح حیات بھی اس کتاب میں شامل ہے جنہوں نے امت مسلمہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے اور تاریخ پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں یہ کتاب اگرچہ مسلمان بچوں کے لیے مرتب کی گئی ہے لیکن بڑی عمر کے طلبہ و طالبات اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے شائقین مطالعہ بھی اس کے ذریعے سے اسلام کے بارے میں مستند معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔

اس سے ان کے ذخیرہ علم میں مزید اضافہ ہو گا ۔ اس کتاب میں پیش کردہ معلومات زیادہ تر قرآن مجید کی آیات اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مستند احادیث پر مبنی ہیں جہاں قرآن مجید کی کسی سورت کا حوالہ دیا گیا ہے تو اس میں سورت کا نام سورت نمبر اور آیت کا نمبر شمار بھی درج کیا گیا ہے ۔ آرٹ پیپر پر دیدہ زیب طباعت اور 4 کلر اشاعت کی حامل یہ کتاب بچوں کے لئے بے حد مفید اور ان کی تربیت واصلاح کے لئے انتہائی کار آمد ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں