سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن پٹیشنز کی سماعت کیلیے ٹریبونل تشکیل دیدیے

الیکشن کمیشن نے صوبے میں پٹیشنز کی سماعت کے لیے ٹریبونل کی تشکیل کے لیے خط لکھا تھا، رجسٹرار نے نوٹی فکیشن جاری کردیا


کورٹ رپورٹر February 16, 2024
(فوٹو: فائل)

سندھ میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت کے لیے ٹریبونلز تشکیل دے دیے گئے۔

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملات کے حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے صوبے بھر میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت کے لیے ٹربیونل تشکیل دے دیے۔ اس سلسلے میں رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی ڈویژن کے لیے پرنسپل سیٹ ہائیکورٹ میں الیکشن پٹیشن کی سماعت ہوگی۔ کراچی ڈویژن میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت کے لیے 2 بینچ تشکیل دیے گئے ہیں۔ بینچ ون جسٹس محمد کریم خان آغا اور بینچ ٹو جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل ہوگا۔

سکھر ڈویژن میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور حیدر آباد ڈویژن میں جسٹس امجد علی سہتو کریں گے۔ لاڑکانہ ڈویژن میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت جسٹس محمد سلیم جیسر کریں گے۔

رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی الیکشن کمیشن نے صوبے میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت کے لیے ٹربیونل کی تشکیل کے لیے خط لکھا تھا۔ الیکشن ٹریبونلز انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی سے متعلق سماعت کرے گا۔

نوٹی فکیشن کی نقول سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان و دیگر کو ارسال کردی گئیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔