پی ایس ایل9 چھٹی کے روز بھی خالی نشستیں منہ چڑاتی رہیں

نیشنل اسٹیڈیم میں 10 ہزار تک تماشائیوں کی تعداد بمشکل پہنچ پائی


نیشنل اسٹیڈیم میں 10 ہزار تک تماشائیوں کی تعداد بمشکل پہنچ پائی۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی میں چھٹی پر بھی خالی نشستیں منہ چڑاتی رہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں 10 ہزار تک تماشائیوں کی تعداد بمشکل پہنچ پائی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں تماشائیوں کی تعداد خلاف توقع بہت ہی کم رہی، اتوار کے روز عام تعطیل ہونے کے باوجود تماشائیوں کا اسٹیڈیم نہ پہنچنا سوالیہ نشان بن کر رہ گیا۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق 32 ہزار کی نشستوں والے نیشنل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد 10 ہزار کے لگ بھگ رہی۔ کرکٹ میچز کے موقع پر قومی لباس میں ملبوس نظر آنے والے مختلف کردار غائب رہے تاہم شاہ جی کرکٹ کے نام سے معروف کھیل کے دلدادہ اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے پر قومی جھنڈا لے کر نعرے لگاتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 9؛ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 20 رنز سے ہرادیا

پی سی بی کے ذمہ داران اشیاء خورد و نوش کے نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوڈ ایریا میں سرگرم رہے، کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے اسٹیڈیم کے اطراف سڑکوں پر روانی کو سہل بنانے کے لیے انتظامات کی کوشش کی گئی۔

ملتان سلطانز کے عثمان خان نے اننگز کے آخری اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی تو تماشائیوں نے کھڑے ہو کر ان کو بھرپور داد دی جس کا جواب عثمان خان نے بیٹ بلند کرکے دیا۔

فاسٹ بولر حسن علی نے افتخاراحمد کو آؤٹ کر کے واحد وکٹ حاصل کرنے کے بعد مخصوص انداز میں جشن منایا، میچ میں کراچی کنگز نے اپنے 6 بولرز کو آزمایا، تاہم کامیابی صرف 2 کو ملی، سابق ٹیسٹ کپتان اور معروف کمنٹیٹر وقار یونس نے بھی شائقین کے اسٹیڈیم کا رخ نہ کرنے پر حیرانی ظاہر کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں