کراچی سے ایک کروڑ 18 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مرکزی ملزم فرار

پولیس نے تاجروں کے مخبر کی نشان دہی پر کارروائی کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے برآمد کرلیے ہیں، تفتیشی ذرائع


طحہ عبیدی March 18, 2024
پولیس نے ایک کارروائی میں 5 لاکھ روپے برآمد کرلیے—فائل: فوٹو

زمان ٹاؤن پولیس کی جانب سے ایک کروڑ 18 لاکھ روپے کی ڈکیتی کرنے والے مرکزی کردار کراچی سے فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس کی جانب سے سچل تھانے کی حدود میں غیر قانونی چھاپے اور تاجر سے ایک کروڑ 18 لاکھ کی ڈکیتی کرنے والے اہم کردار پولیس افسر کرم اور شہری ظفر فرار ہوگئے ہیں جبکہ چھاپے میں شریک عامر اور ایک نامعلوم شخص تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے تاجروں کے مخبر رضوان، جو ان کا ڈرائیور بھی تھا، کی نشان دہی پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تکنیکی بنیاد پر تفتیش آگے بڑھائی گئی اور اطلاعات یہ ہیں کہ ایک کروڑ 18 لاکھ کی ڈکیتی کے اہم کردار کرم اور ظفر کراچی سے فرار ہوگئے ہیں اور ان کی آخری لوکیشن ٹھٹھہ کی آئی ہے۔

پولیس نے کرم، ظفر اور عامر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے ہیں مگر اب تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے زمان ٹاؤن پولیس کی جانب سے سچل تھانے کی حدود میں تاجر سے ایک کروڑ 18 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی گئی تھی اور تاجر سے رقم چھیننے کے بعد پولیس پارٹی نے تاجروں کو شاہراہ نورجہاں تھانے کی حدود میں چھوڑ دیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ سچل میں درج کیا گیا۔

پولیس نے زمان ٹائون تھانے میں چھاپہ مار کر ایس ایچ او زمان ٹاؤن راؤ رفیق سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او نے مدعی پارٹی کو راضی کرنے کے لیے 50 لاکھ سے زائد کی رقم بھی فراہم کردی ہے مگر اب تک مزید رقم برآمد نہیں کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔