موٹو بائیک نمائش استنبول میں تین پاکستانی کمپنیوں کی شرکت
نمائش کے ذریعے ترکی، الجیریا اور سربیا کے خریداروں سے رابطہ ہوا ہے، سیلز ڈائریکٹر ٹائر کمپنی
استنبول میں ہونے والی موٹو بائیک نمائش میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے تین پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی۔
موٹو بائیک استنبول موٹر بائیکس کی سب سے بڑی عالمی نمائش ہے جس میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کو بھرپور رسپانس حاصل ہوا۔
نمائش میں موٹربائیک، بائی سائیکل کے پرزہ جات اور کمپونینٹس سمیت متعلقہ سازوسامان بنانے والے دنیا بھر کے 300 برانڈز نے شرکت کی اور ایک لاکھ 34 ہزار سے زائد شرکا نے نمائش کا دورہ کیا۔
پاکستان سے ڈارسن انڈسٹریز اور غوری ٹائرز اینڈ ٹیوب نے موٹربائیکس کے لیے تیار کردہ اعلیٰ معیار کے پاکستانی ٹائر ٹیوبز کی نمائش کی جبکہ یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے اپنی جدید بائیکس ایکسپورٹ مارکیٹ کے لیے پیش کیں۔
غوری ٹائر اینڈ ٹیوب کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ میاں محمد عفان نے کہا کہ نمائش میں پہلی مرتبہ شرکت کے بھرپور نتائج ملے ہیں اور نمائش کے ذریعے ترکی، الجیریا اور سربیا کے خریداروں سے رابطہ ہوا ہے، امید ہے اس نمائش میں شرکت سے پاکستان کے لیے نئے امکانات مہیا ہوں گے۔