فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ’’دہشت‘‘ پاک بحریہ میں شامل

فاسٹ اٹیک کرافٹ جدید ہتھیاروں اور حساس آلات بشمول سطح آب سے سطح آب اورزمینی حملہ کرنے کی صلاحیت سے لیس ہے۔


’دہشت‘کی تیاری پاک چین دوستی کی عمدہ مثال اور دفاعی پیداوارکے شعبے میں اہم پیشرفت ہے، سربراہ پاک بحریہ آصف سندیلہ۔ فوٹو : ایکسپریس

جدید میزائلوں سے لیس فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ 'دہشت' پاک بحریہ میں شامل کرلی گئی۔

ملکی وسائل سے تیارکردہ 'پی این ایس دہشت' کی کمیشننگ اورپاک بحریہ میں باقاعدہ شمولیت کی تقریب کراچی شپ یارڈاینڈ انجینئرنگ ورکس میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندیلہ تھے۔ پی این ایس دہشت 63 میٹر طویل فاسٹ اٹیک کرافٹ ہے جوجدید ہتھیاروں اور حساس آلات بشمول سطح آب سے سطح آب اورزمینی حملہ کرنے کی صلاحیت کے حامل جدیدمیزائلوں سے لیس ہے۔ یہ کرافٹ اینٹی ایئراور سرچ اینڈریسکیو آپریشنزکرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

اس موقع پر نیول چیف ڈمرل آصف سندیلہ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت کراچی شپ یارڈمیں پی این ایس دہشت کی تعمیرپاک چین دوستی کی ایک اورعمدہ مثال ہے۔ پی این ایس دہشت کی تیاری دفاعی پیداوارکے میدان میں اہم پیشرفت ہے۔

انھوں نے کہاکہ نئے شپ یارڈزکا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے جوپاکستان میں طویل المیعاد معاشی وسماجی فوائدکے لیے مضبوط بنیادفراہم کرے گا۔ نیول چیف نے جہازپر تعینات عملے کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ان کی سخت محنت اورکام سے لگن کی بدولت پی این ایس دہشت نمایاں مقام حاصل کرے گی اور ہرچیلنج کاہمت اورثابت قدمی سے سامناکرے گی۔ تقریب میں چائنا شپ بلڈنگ اینڈآف شورکمپنی، زنگانگ شپ یارڈکے نمائندوں، سفارت کاروں، اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور پاک بحریہ و کراچی شپ یارڈکے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں