پاکستان کی نمائندگی عثمان خان نے تمام کشتیاں جلادیں

آئندہ سال اماراتی ٹیم کیلیے کھیلنے کے اہل ہوجاتے، اب ملک میں کھیلیں گے


Saleem Khaliq March 27, 2024
یو اے ای کو سینٹرل کنٹریکٹ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا،پابندی کا خدشہ (فوٹو: پی سی بی)

عثمان خان نے یو اے ای کو سینٹرل کنٹریکٹ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا،وہ آئندہ سال اماراتی ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہو سکتے تھے مگر اب تمام کشتیاں جلا کر پاکستان آ گئے۔

پی سی بی نے عثمان خان کو کاکول میں جاری فٹنس کیمپ کا حصہ بنایا ہے،انھوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں ملتان سلطانز کی جانب سے عمدہ پرفارم کیا،2 سنچریوں اور اتنی ہی ففٹیز کی مدد سے وہ 430 رنز بنا کر بیٹرز میں دوسرے نمبر پر رہے، اس کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ ان کی جانب مبذول ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ عثمان خان نے گذشتہ روز امارات کرکٹ بورڈ کو اپنا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا، اس میں انھیں پی سی بی سے بھی قانونی مشاورت ملی، وہ اب مکمل طور پر پاکستان کرکٹ میں اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان خان کو قومی کرکٹ ٹیم میں کیوں شامل نہیں کیا جاسکتا؟ وجہ سامنے آگئی

عثمان نے 2017 میں کراچی وائٹس کی جانب سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا، 2 فرسٹ کلاس میچز کی چار اننگز میں وہ صفر،8 ،9 اور22 تک محدود رہے، اس کے بعد بہتر مستقبل کیلیے یو اے ای چلے گئے، آئندہ برس جون تک وہ اماراتی ٹیم کی نمائندگی کے حقدار بن جاتے۔

یہ بھی پڑھیں: کیویز کیخلاف سیریز؛ عثمان خان کو موقع! عماد کو نظر انداز کیے جانے کا امکان

امارات کرکٹ بورڈ نے ان کو مالی مشکلات سے بچانے کیلیے سینٹرل کنٹریکٹ بھی دیا،رواں سال آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں انھوں نے مقامی کھلاڑی کی حیثیت سے گلف جائنٹس کی نمائندگی کی،گوکہ وہ پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر ہیں لیکن بھارتی اونر کی فرنچائر میں شمولیت کیلیے انھیں لوکل پلیئر قرار دیا گیا،انھیں 50 ہزار ڈالر )تقریبا ایک کروڑ 40 لاکھ روپے ) معاوضہ ملا۔

عثمان نے غیرملکی کرکٹر کی حیثیت سے پی ایس ایل میں حصہ لیا اور وہ ای سی بی سے این او سی لے کر پاکستان آئے تھے، انھیں فائنل کے بعد رات کو دبئی واپس جانا تھا مگر نہیں گئے،اس دوران وہ پی سی بی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے، ملتان سلطانز کی ایک اعلیٰ شخصیت نے ان کے معاملات طے کرانے میں اہم کردار ادا کیا، اب عثمان نے معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا، معاہدے کی خلاف ورزی پر ان کے آئندہ اماراتی ٹورنامنٹس میں شرکت پر پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک نیوزی لینڈ سیریز؛ پی ایس ایل پرفارمرز کو موقع ملنے کا امکان

انھیں پاکستان میں کسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نہ صرف نیوزی لینڈ سے سیریز بلکہ ورلڈکپ اسکواڈ میں بھی شامل ہوں گے، اسی وجہ سے انھوں نے اماراتی کرکٹ میں اپنے لیے دروازے بند کر لیے ہیں۔

یاد رہے کہ تقریبا 29 سالہ عثمان خان نے چند روز قبل ایک غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں پاکستان کیلیے کرکٹ نہ کھیلنے کا کہا تھا لیکن اب ذہن بدل لیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں