لاہور میں میڈیکل لیب سے سیکڑوں پاسپورٹس برآمد
ویزہ فراڈ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ترجمان ایف آئی اے
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے میڈیکل لیب پر چھاپے کے دوران سیکڑوں پاسپورٹس برآمد کرلیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن میں محمد فاروق، عمر فاروق اور شاہد علی شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے 130 پاسپورٹس اور متعدد سفری دستاویزات، جعلی میڈیکل سرٹیفیکیٹس، میڈیکل لیب کی جعلی مُہریں اور لفافے بھی برآمد ہوئے۔
ملزمان بیرون ملک ملازمت کے نام پر سادہ لوح شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرتے تھے، ملزمان شہریوں سے میڈیکل کی آڑ میں پاسپورٹس وصول کر رہے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مذکورہ دستاویزات کے حوالے سے ایف آئی اے حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔